پیپلزپارٹی کے مفادات 22 اگست والوں کے ساتھ ہیں فاروق ستار

ہمارے کارکنوں کو مجبور کیا جارہا ہے کہ وہ 22 اگست کے ساتھ جائیں، سربراہ ایم کیو ایم پاکستان


ویب ڈیسک March 18, 2017
ہمارے کارکنوں کو مجبور کیا جارہا ہے کہ وہ 22 اگست کے ساتھ جائیں، سربراہ ایم کیو ایم پاکستان۔ فوٹو: آن لائن

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے الزام عائد کیا ہے کہ پیپلز پارٹی کے مفادات پاکستان کے ساتھ نہیں بلکہ 22 اگست کو جو کچھ بھی ہوا اس کے ساتھ ہیں۔

ایم کیو ایم کے 33ویں یوم تاسیس کے موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے 22 اگست کے بعد لندن سے اپنے رابطے منقطع کئے،22 اگست کی پالیسی سے مہاجر عوام کے مفادات نہیں جڑے ، 23 اگست ہی مہاجر عوام اور مظلوموں کا ایجنڈا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نہیں حکومت سندھ 22 اگست کے ساتھ کھڑی ہے، ہمارے کارکنوں کو مجبور کیا جارہا ہے کہ وہ 22 اگست کے ساتھ جائیں، سندھ کےغریب عوام کو لوٹنے کی پالیسی کو 22 اگست سے تحفظ مل سکتا ہے۔

سربراہ ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا تھا کہ سندھ کے لوگوں کو بالعموم اور کراچی شہر کے عوام کو بالخصوص یقین دلاتا ہوں کہ 33 سال کی ناانصافیوں کی 33 دن میں دستاویزات بنائیں گے، ایم کیو ایم اپنی درخواستیں ہر ادارے کو پہنچائے گی اور عدالت سے بھی رجوع کریں گے، صوبائی و قانونی اسمبلیوں میں باور کرائیں گے کہ ہم پاکستان میں ترقی پسند انقلاب لانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں مقامی حکومت کا قانون بھی لے کر جار ہے ہیں، پاکستان کو جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کے چنگل سے آزاد کرائیں گے، 5 سال میں پاکستان کو ترقی اور تعلیم یافتہ بناسکتے ہیں، ایم کیوایم عوام کی جماعت ہےاورعوام ہی اس کی حفاظت کریں گے۔

فاروق ستار نے کہا کہ مردم شماری کی پٹیشن ہم نے سپریم کورٹ میں فائل کردی ہے، کراچی اور حیدرآباد کی آبادی کو کم کرکے دکھایا جاتا ہے، سندھ اسمبلی میں مقامی حکومت اور میئر کے اختیارات کا قانون بھی لے کر جار ہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔