اسلام آباد لانگ مارچ کے شرکا کوریڈ زون میں داخل ہونے نہیں دیا جائے گا

ریڈزون کے چاروں اطراف خندقیں کھود کر پانی بھردیا گیا ہے، تاکہ لانگ مارچ کے شرکا اپنی گاڑیاں پارک نہ کرسکیں۔

وزارت داخلہ نے لانگ مارچ کے لئے کمانڈنٹ ایف سی کوچار ہزاراہلکار اسلام آباد بھیجنے کا حکم دے دیا ہے، فوٹو: فائل

لانگ مارچ کے شرکا کو ریڈزون میں داخل ہونے سے روکنے کے لئے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔

وزارت داخلہ نے لانگ مارچ کے لئے کمانڈنٹ ایف سی کوچار ہزاراہلکار اسلام آباد بھیجنے کا حکم دے دیا ہے،ریڈ زون کو کنٹینرز کی مدد سے سیل کردیا گیا جبکہ ایک راستے کے ذریعے آمدورفت کا سلسلہ جاری ہے تاہم اس راستے کو بھی آج شام تک بند کردیا جائےگا۔ ریڈزون کے چاروں اطراف خندقیں کھود کر پانی بھردیا گیا ہے، تاکہ لانگ مارچ کے شرکااپنی گاڑیاں پارک نہ کرسکیں۔ اس کے علاوہ ریڈ رون کو جانے والے راستوں پر خاردارتاریں بھی بچھا دی گئی ہیں۔


ریڈ زون میں اہم عمارتوں کی سیکیورٹی پر پاک فوج کے دستے تعینات ایوان صدر ، وزیر اعظم ہاؤس سمیت ڈپلومیٹک انکلیو ، سیکریٹریٹ کے باہر پاک فوج کے جوان پہنچ گئے جبکہ اسلام آباد کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، ڈاکٹرز اور تمام عملے کو پیر کے روز ڈیوٹی پر پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے اور پولی کلینک میں 200 اضافی بیڈز لگانے کے ساتھ نان ایمرجنسی آپریشن ملتوی کرنے کا حکم بھی دے دیا گیا ہے۔

دوسری جانب کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سربراہ حکیم اللہ محسود کے اہم ساتھی لطیف کی طرف سے لاہور میں نامعلوم شخص سے ٹیلی فون پر گفتگو کی تحریری کاپی بھی طاہرالقادری کو فراہم کردی گئی ہے، جس میں لانگ مارچ پر حملوں کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

دوسری جانب تحریک منہاج القرآن کے کارکنوں نے لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں سے لانگ مارچ میں شرکت کے لئے بسوں کی بڑی تعداد میں بکنگ کرلی ہے۔ منہاج القرآن انتظامیہ کی طرف سے لانگ مارچ میں شرکت کرنے والوں کولاہور آنے کی بجائے اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ادھر اسلام آباد کی مقامی عدالت میں منہاج القرآن کی طرف سے کارکنوں کو ہراساں کئے جانے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی، جہاں چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد کی طرف سے منہاج القرآن کے کارکنوں کو ہراساں نہ کئے جانے کی یقین دہانی پر درخواست نمٹا دی گئی۔
Load Next Story