پی سی بی میں طاقت کا توازن پھر بگڑ گیا

نجم سیٹھی نے لیگ کے ساتھ دیگر معاملات میں بھی بھرپور دلچسپی لینا شروع کر دی


Saleem Khaliq March 19, 2017
شہریار خان عہدے کی مدت سے قبل ہی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہو جائیں گے، ذرائع۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: پی ایس ایل کے بعد پی سی بی میں طاقت کا توازن پھر بگڑ گیا، نجم سیٹھی نے اب لیگ کے ساتھ دیگر معاملات میں بھی بھرپور دلچسپی لینا شروع کر دی ہے۔

چیئرمین شہریارخان گوکہ ایگزیکٹیو کمیٹی چیف نجم سیٹھی کے ساتھ محاذ آرائی نہیں کرتے البتہ بعض فیصلوں میں اپنی اتھارٹی بھی منوا لیتے تھے، گزشتہ برس یہ خبریں زوروں پر رہیںکہ بیماری کے سبب وہ عہدہ چھوڑ دیں گے مگر انھوں نے واپس آ کر سب کو غلط ثابت کر دیا۔ نجم سیٹھی نے خود کو پی ایس ایل تک محدود رکھا ہوا تھا مگر ذرائع کے مطابق اب وہ پی سی بی کے تمام معاملات میں ''گہری دلچسپی'' لینے لگے ہیں۔

بظاہر ایونٹ کے کامیاب انعقاد اور لاہور میں فائنل نے نجم سیٹھی کا اعتماد آسمان کی بلندیوں پرپہنچا دیا ہے، حریف عمران خان کو سیاسی نقصان پہنچانے کی وجہ سے حکمران بھی ان سے بہت خوش ہیں، بورڈ میں اب ہر کرکٹنگ فیصلے کی فائل نجم سیٹھی کے پاس سے گذر کر ہی چیئرمین کے پاس پہنچ رہی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ آئندہ 1، 2 ماہ میں اگر شہریارخان عہدہ چھوڑ دیں تو کسی کو حیرت نہیں ہونی چاہیے، البتہ عدالتی فیصلے کے سبب اس پوسٹ سے الگ ہونے والے نجم سیٹھی دوبارہ کیسے اسے سنبھالتے ہیں یہ معاملہ ابھی حل طلب ہے، ذرائع نے بتایا کہ نجم سیٹھی کی قریبی شخصیات نجی محفلوں میں یہ بھی کہتی پھر رہی ہیں کہ اگلی باری بھی موجودہ حکومت کی ہوگی لہذا ہمیں عہدے سے کوئی نہیں ہٹا سکتا۔

دوسری جانب اس حوالے سے جب نمائندہ ''ایکسپریس'' نے پی سی بی ترجمان سے رابطہ کیا تو انھوں نے رسمی جواب دیتے ہوئے کہا کہ ''ایسی کوئی بات نہیں چیئرمین بدستور اپنی ذمہ داریاں سنبھالے ہوئے ہیں''۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں