انٹرنیشنل اسکواش کی ملک میں واپسی کا امکان

پی ایس اے نے میزبانی تفویض کرنے کی منظوری دیدی، جائزہ سیکیورٹی وفد آئے گا


دبئی میں مقیم آسٹریلوی ذمے دارنے جہانگیر خان کی جانب سے دی جانے والی یقین دہانی پراطمینان کا بھی اظہار کیا۔ فوٹو: فائل

سابق عالمی اسکواش چیمپئن جہانگیرخان کی ذاتی کوششوں کے بعد پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن نے پاکستان کوانٹرنیشنل ایونٹس کی میزبانی تفویض کرنے کی اصولی منظوری دیدی۔

ملک میں امن وامان کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے عالمی تنظیم کی خصوصی سیکیورٹی ٹیم جلد ہی پاکستان کا دورہ کرے گی۔ رپورٹ کی روشنی میں پاکستان میں انٹرنیشنل ٹورنامنٹس کے انعقادکا حتمی فیصلہ کیا جائے گا جبکہ پی ایس اے اپنے ممبرغیرملکی کھلاڑیوں کو پاکستان میں کھیلنے کی اجازت دینے کا بھی فیصلہ کرے گی۔ اپنے دورکے عظیم کھلاڑی جہانگیر خان نے اس امر کا اظہار نمائندہ 'ایکسپریس' سے خصوصی بات چیت کے دوران کیا۔

پاکستان نیوی روشن خان جہانگیرخان اسکواش کمپلیکس پر گفتگو کرتے ہوئے جہانگیرخان نے کہا کہ پی ایس ایل فائنل کا لاہور میں کامیابی سے انعقاد ملک میں انٹرنیشنل اسپورٹس کے لیے راہیں کھولنے میں معاون ومددگار ثابت ہوا جبکہ لیگ کے انعقاد میں معاونت کرنے والے پی ایس اے کے اہم ذمے دارنے دبئی میں ہونے والی ملاقات میں پی ایس ایل کے فائنل کولاہور میں کامیابی سے منعقد کرانے کوقابل تحسین قراردیا اور کہا کہ اب کوئی وجہ نہیں کہ اسکواش کی عالمی تنظیم پاکستان کوانٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹس کاانعقاد کرنے سے روکے۔

علاوہ ازیں دبئی میں مقیم آسٹریلوی ذمے دارنے جہانگیر خان کی جانب سے دی جانے والی یقین دہانی پراطمینان کا بھی اظہار کیا اورکہا کہ پی ایس اے اپنی سیکیورٹی ٹیم پاکستان بھیج کرحفاظتی اقدامات کا جائزہ لے گی اوراس کی رپورٹ پر حتمی فیصلہ کردیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں