مہنگائی مزید 05 فیصد بڑھ گئی سبزیوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ

ٹماٹر کی قیمتیں100روپے کلوتک جاپہنچیں، پیاز اور آلو کی قیمتوں میں7 اور4 فیصد کا ہفتہ وار اضافہ،مرغی سمیت20 اشیا مہنگی


Business Desk March 19, 2017
دالیں مزید سستی، انڈوں کے نرخ بھی گرگئے،کم آمدن طبقے پر0.54 فیصد کا بوجھ پڑا، انفلیشن ریٹ سال بہ سال 4.08فیصد ہوگیا۔ فوٹو: فائل

پاکستان میں گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.49 فیصد کا ہفتہ وار اضافہ ہوا جس کی بڑی وجہ سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ ہے.

پاکستان بیورو شماریات (پی بی ایس) کے مطابق 16مارچ کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 20 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، سب سے زیاد ہ اضافہ ٹماٹر کی قیمتوں میں 21.85 فیصد تک ہوا جس کے نتیجے میں ملک میں ٹماٹر کی قیمت اوسطاً 72.10 روپے فی کلوگرام ہوگئی، اسلام آباد اور راولپنڈی میں توقیمتیں100روپے تک پہنچ گئیں جبکہ پنجاب کے بعض شہروں بشمول لاہور میں قیمتیں80روپے ہو گئیں جبکہ سندھ اور بلوچستان کے شہروں میں ٹماٹر کی قیمتیں نسبتاً کم رہیں تاہم کراچی میںٹماٹر کے نرخ 85روپے فی کلو گرام تک پہنچ گئے۔

علاوہ ازیں پیاز اور آلو کی قیمتوں میں بالترتیب 6.84 اور 3.70 فیصد کا ہفتہ وار اضافہ ہوا جس سے پیاز کی ملک میں اوسط قیمت 35روپے فی کلوگرام اور آلو کی 30 روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئی، اس کے علاوہ کیلے کے نرخ 2.83 فیصد بڑھ کر 83.25 روپے فی درجن، چائے کی پتی2.38 فیصد کے اضافے سے 199.36 روپے فی 200گرام، زندہ مرغی1.47 فیصد مہنگی ہو کر 170.98 روپے فی کلوگرام اور نہانے کے صابن کی قیمت 0.93 فیصد بڑھ کر 39.12 روپے کی ہوگئی۔

دوسری جانب بیورو شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر (11کلوگرام)0.73 فیصد، ویجیٹیبل گھی (کھلا/تھیلی) 0.72 فیصد، سگریٹ0.43 فیصد، ویجیٹیبل گھی (ڈھائی کلوٹن)0.38 فیصد، پکانے کا تیل (ڈھائی کلوٹن) 0.34 فیصد، باسمتی ٹوٹا چاول0.31 فیصد، بکرے کا گوشت0.27 فیصد، گڑ 0.17 فیصد، چینی0.15 فیصد، گائے کے گوشت کی پکی پلیٹ (اوسط ہوٹل)0.10 فیصد، جلانے کی لکڑی0.06 فیصد، دال کی پکی پلیٹ (اوسط ہوٹل) 0.05 فیصد اورسرخ مرچ پسی ہوئی (کھلی) ک قیمت 0.03 فیصد بڑھی۔

پی بی ایس کے مطابق گزشتہ ہفتے 11 اشیا کی قیمتوں میں ہفتہ وار کمی دیکھی گئی، سب سے ز یادہ کمی انڈے کی قیمتوں میں 4.63 فیصد آئی جس سے ملک میں انڈوں کی اوسط قیمت 87.71 روپے سے گھٹ کر 83.65 روپے فی درجن ہوگئی، اس کے علاوہ دال مسور1.24 فیصد، دال چنا1.22 فیصد، لہسن1.15 فیصد، خشک دودھ0.96 فیصد، دال ماش0.71 فیصد، دال مونگ0.67 فیصد، گندم0.29 فیصد، سرسوں کے تیل0.16 فیصد، اری 6چاول (پنجاب/سندھ)0.10 فیصد اور گندم کے آٹے کی قیمت 0.07 فیصد کم ہوئی، اس کے علاوہ سادہ بریڈ، ہڈی والا گائے کاگوشت، تازہ دودھ، دہی، لاہوری نمک سمیت 22 اشیا کے نرخ برقرار رہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی ٹماٹر، آلو اور پیاز کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا جو عمومی استعمال کی اشیا ہیں، گزشتہ ہفتے سب سے زیادہ بوجھ 8ہزار روپے کمانے والے طبقے پر 0.54 فیصد بڑھا جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 4.08 فیصد کا اضافہ ہوا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں