افغانستان میں افغان اہلکار کی فائرنگ سے 3 امریکی فوجی شدید زخمی

صوبہ ہلمند میں غیرملکی فوجی کیمپ میں افغان اہلکار نے اچانک فائرنگ شروع کردی تاہم جوابی کارروائی میں اہلکار بھی ماراگیا


ویب ڈیسک March 19, 2017
غیرملکی فوجی کیمپ میں افغان اہلکار نے اچانک فائرنگ شروع کردی تاہم جوابی کارروائی میں افغان اہلکار بھی ماراگیا،فوٹو:فائل

لاہور: افغانستان کے صوبہ ہلمند میں افغان اہلکار نے فائرنگ کر کے 3 امریکی فوجیوں کو شدید زخمی کردیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغانستان کے شمالی صوبہ ہلمند کے ٹریننگ کیمپ میں افغان اہلکار نے امریکی فوجیوں پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 3 فوجی شدید زخمی ہوگئے جس کے بعد وہاں موجود دیگر فوجیوں نے فائرنگ کر کے افغان اہلکار کو ہلاک کردیا۔ افغانستان میں امریکی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ضلع واشر میں اینٹونک کیمپ میں افغان اہلکار نے اچانک فوجیوں پر فائرنگ کی جس کے بعد جوابی کارروائی میں فائرنگ کرنے والا اہلکار مارا گیا تاہم زخمی فوجیوں کے حوالے سے معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔

امریکی فوجیوں پر افغان اہلکار کی جانب سے فائرنگ کا رواں سال پیش آنے والا یہ پہلا واقعہ ہے، اس سے قبل اس قسم کے متعدد واقعات رونما ہوچکے ہیں اور آخری مرتبہ گزشتہ سال مئی میں افغان اہلکار کی فائرنگ سے رومانیہ کے 2 فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔

دوسری جانب دفاعی امور پر گہری نگاہ رکھنے والے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ تواتر کے ساتھ اس قسم کے واقعات کا ہونا ظاہر کرتا ہے کہ افغان فورسز اور غیر ملکی فوجیوں کا ایک دوسرے پر اعتماد ختم ہوتا جارہا ہے جس کی وجہ سے گزشتہ چند سالوں کے دوران مسلسل اس قسم کے واقعات پیش آرہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔