اے ٹی ایم مشینوں سے ڈیٹا چوری کرنے والے 2 چینی شہری گرفتار

ڈیوائس سے ڈیٹا چوری کرکے بیرون ملک بھیجاجاتا تھا پھر پاکستانیوں کی رقوم نکالی جاتی تھیں

کروڑوں روپے ہتھیانے کا بھی الزام، ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل کی بینک شکایت پر کارروائی۔ فوٹو: ایکسپریس

ایف آئی اے نے بینکوں کی اے ٹی ایم مشینوں پر جدید ترین ڈیوائسز کی مدد سے ڈیٹا چوری کرکے پاکستانی شہریوں سے کروڑوں روپے ہتھیانے کے الزام میں 2چینی شہریوں کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ اس سے قبل بھی ایف آئی اے کی جانب سے متعدد چینی شہریوں کو اس الزام میں گرفتار کیا جاچکا ہے۔


ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل کی ایک ٹیم نے بینک الحبیب کی شکایت پر ہفتہ وار تعطیل اور کام کے اوقات کے بعد شہر کی مختلف اے ٹی ایم مشینوں پر ڈیوائسز نصب کرکے کھاتہ داروں کا ڈیٹا چوری کرنے والے 2چینی شہریوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ نجی بینک کے ذرائع کے مطابق گرفتار ہونے والے میں گروہ کا سرغنہ بھی شامل ہے جس نام زونگ زیامنگ بتایا جاتا ہے جبکہ گروہ کا ایک اور کارندہ زونگ زیان کان کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

نجی بینک اور ایف آئی اے کی ٹیم نے دونوں چینی باشندوں کے قبضے سے اے ٹی ایم مشین پر نصب کی جانے والی جدید ترین ڈیوائسز اور مختلف بینکوں سے چوری کیا جانے والا کھاتہ داروں کابڑی تعداد میں ڈیٹا بھی برآمد کیا ہے، گروہ کے ارکان عمومی طور پر کام کے اوقات ختم ہونے کے بعد یا ہفتہ وار تعطیلات کے دوران بینکوں کی اے ٹی ایم مشینوں پر اپنی ڈیوائس نصب کرکے ڈیٹا چوری کرتے تھے اور بعد ازاں یہ ڈیٹا بیرون ملک بھیج دیا جاتا تھا جس کی مدد سے مختلف ملکوں سے پاکستانی شہریوں کے اکاؤنٹس سے رقوم نکالی جاتی تھیں تاہم ایف آئی اے نے دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔
Load Next Story