افغانستان ڈرون حملے فورسز کے آپریشن داعش و طالبان کے 83 جنگجو ہلاک

فورسز کا داعش کے خفیہ ادارے کے سربراہ تاج گل کو ضلع ہسیکا مینا سے گرفتارکرنے کا دعویٰ


News Agencies March 20, 2017
فضائی و امریکی ڈرون حملے پکتیکا اور ننگرہار میں کیے گئے، 4 کمانڈرز مارے جانے کی اطلاع۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

افغانستان میں امریکی ڈرون حملوں اور سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز میں داعش اور طالبان کے 83 شدت پسند ہلاک اور 34 زخمی ہوگئے جبکہ 25 کو گرفتار کر لیا گیا۔

افغان میڈیا کے مطابق مشرقی صوبہ ننگرہار میں ڈرون حملوں میں داعش کے 13جنگجو ہلاک ہوگئے جبکہ افغان نیشنل آرمی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ شدت پسندوں کو ضلع آچن اور دیہہ بالا میں نشانہ بنایا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 3 شدت پسند ضلع آچن جبکہ 10دیہہ بالا میں مارے گئے، صوبائی پولیس کمانڈنٹ نے تصدیق کی ہے کہ ضلع آچن میں کی گئی کارروائی امریکی فورسز کی جانب سے کی گئی، افغان نیشنل پولیس نے ایک اور دہشت گرد کو بھی گرفتار کر لیا جس کے قبضے سے ایک پستول، 3 موبائل فون اور ایک لیپ ٹاپ برآمد کیا گیا ہے، مشرقی صوبہ پکتیکا میں فضائی کارروائی میں 10شدت پسند ہلاک ہوگئے، فضائی کارروائی ضلع دندپاتن کے گاؤں نارائی کمار میں ایک گھر میں طالبان کے ایک اجتماع کو نشانہ بنایا گیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق صوبے پکتیکا کے علاقے لمن میں پاکستانی طالبان گروپوں کے مابین لڑائی میں بھاری ہتھیاروں کے استعمال سے 4 کمانڈروں کے مارے جانے اور 2 کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ لڑائی شہر یار محسود گروپ اور سجنا محسود گروپ کے درمیان ہوئی، شہر یار محسود گروپ کے کمانڈر عقابی محسود کے مارے جانے اور 2 کمانڈروں حضرت اللہ محسود عرف تورہ شپہ اور عبداللہ محسود کے زخمی ہونے کی اطلاعات گردش کر رہی ہیں، حضرت اللہ محسود عرف تورہ شپہ آپریشن ضرب عضب سے پہلے شمالی وزیرستان میر علی میں تورہ شپہ کے نام سے بنائے گئے گروپ کا سربراہ اور مبینہ بھتہ خور بھی ہے، اسی طرح سجنا محسود گروپ کے 3 ساتھی بھی مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔

ادھر افغان صوبہ ہلمند میں افغان اہلکار نے فائرنگ کر کے 3 امریکی فوجیوں کو شدید زخمی کر دیا جس کے بعد وہاں موجود دیگر فوجیوں نے فائرنگ کر کے افغان اہلکار کو ہلاک کردیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں