قومی ٹیم ویسٹ انڈیز کے لیے اُڑان بھرنے کو تیار

سیریز میں پہلے 4 ٹوئنٹی20 میچز شیڈول، 3 ایک روزہ بین الاقوامی مقابلے بھی ہوں گے


Sports Reporter March 20, 2017
ٹیم انتظامیہ اورکھلاڑیوں کے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل پر بات کرنے پر پابندی، خلاف ورزی پر تادیبی کارروائی ہوگی۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

انٹرنیشنل رینکنگ میں بہتری کی بدولت ورلڈ کپ 2019 میں رسائی کاعزم لیے قومی کرکٹ ٹیم سرفرازاحمد کی قیادت میں آج کراچی سے براستہ دبئی ویسٹ انڈیز کے لیے اڑان بھرے گی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم نے رخت سفر باندھ لیا، ویسٹ انڈیز کو اسی کی سرزمین پر شکست دینے کا عزم لیے گرین شرٹس پیرکی شب کراچی سے براستہ دبئی کیریبیئن جزائر کے لیے روانہ ہوگی، ٹی 20 اور ون ڈے ٹیموں کی کپتانی سرفراز احمد کریں گے جبکہ ٹیسٹ کی ٹیم کا اعلان بعد میں ہوگا جس کی قیادت مصباح الحق کے سپرد ہو گی۔

ویسٹ انڈیز کا دورہ کرنے والی15رکنی ٹوئنٹی 20 ٹیم میں احمد شہزاد، کامران اکمل، محمد حفیظ، بابر اعظم، شعیب ملک، فخر زمان، سرفراز احمد (کپتان)، عماد وسیم، شاداب خان، محمد نواز، حسن علی،سہیل تنویر، وہاب ریاض، رومان رئیس اور عثمان خان شنواری شامل ہیں ۔16رکنی ون ڈے اسکواڈ میں احمد شہزاد، کامران اکمل، محمد حفیظ، بابر اعظم، شعیب ملک، فخر زمان، آصف ذاکر، سرفراز احمد ( کپتان) عماد وسیم، شاداب خان، حسن علی، وہاب ریاض، محمد عامر، فہیم اشرف، جنید خان اور محمد اصغر شامل ہیں۔ ٹیم کے مینجر طلعت علی اور ہیڈ کوچ مکی آرتھ ہیں۔

یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم دورہ ویسٹ انڈیز کے دوران 4 ٹی ٹوئنٹی، 3 ون ڈے اور3 ٹیسٹ میچز کھیلے گی۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز 26مارچ کو ہوگا دوسرا مقابلہ 30 مارچ، تیسرا یکم اپریل اور چوتھا 2 اپریل کو کھیلا جائے گا۔ ون ڈے سیریز 7 اپریل سے شروع ہوگی، دوسرا ون ڈے 9 اپریل اور تیسرا 11 اپریل کومنعقد ہوگا، تین ٹیسٹ میچزکی سیریزکا پہلا میچ 22 اپریل کوجمیکا، دوسرا 30 اپریل کوبارباڈوس اورتیسرا 10مئی کو ڈومینیکا میں ہوگا۔

دوسری جانب قومی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سرفرازاحمد واضح کرچکے ہیں کہ ورلڈ کپ میں کوالیفائی کرنے کے لیے دورئہ ویسٹ انڈیز بہت اہم ہے، ہم بولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ میں بہترین پرفارمنس دے کر سیریز میں کامیابی حاصل کریں گے۔ ادھر پی سی بی نے دورہ ویسٹ انڈیزکیلیے سخت ہدایات جاری کردی ہیں، ٹور کے دوران ٹیم انتظامیہ اورکھلاڑیوں کے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل پربات کرنے پر پابندی ہو گی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے ٹیم انتظامیہ اورکھلاڑیوں کواہم ہدایات جاری کی ہیں۔ ویسٹ انڈیز ٹور کے دوران ٹیم منیجر، کوچ اورکپتان کوبھی فکسنگ اسکینڈل پرمیڈیا کے سامنے گفتگوکرنے سے گریز رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے کھلاڑی کو سخت سزاؤں کا سامنا کرنا پڑے گا، مزید معلوم ہوا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو دورئہ ویسٹ انڈیزمیں آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں 3 درجے ترقی پاکر عالمی نمبر3بننے کا موقع مل رہا ہے۔

واضح رہے کہ گرین شرٹس26 مارچ سے ویسٹ انڈیزکے خلاف چار ٹوئنٹی20انٹرنیشنل میچوں کی سیریزکا آغازکرے گی، پاکستانی ٹیم اس سیریزسے قبل آئی سی سی ٹوئنٹی20 رینکنگ میں 113پوائنٹس کے ساتھ چھٹے جبکہ ورلڈ چیمپئن کیریبیئن سائیڈ 116 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبرپرموجود ہے۔ پاکستانی ٹیم میزبان ویسٹ انڈیز کو سیریزمیں کلین سوئپ شکست دیکر رینکنگ میں چھٹے سے تیسرے نمبر پر آسکتی ہے، پاکستان ٹیم سیریزمیں 3-1سے کامیاب ہونے کی صورت میں بھی 2 درجے ترقی پاکرچوتھی پوزیشن پر فائز ہوسکتی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں