دیس بدیس کے کھانے

بنائیں اپنے ہاتھ سے اپنی پسند کے ذائقے دار کھانے۔


Shahida Rehana March 20, 2017
بنائیں اپنے ہاتھ سے اپنی پسند کے ذائقے دار کھانے۔ فوٹو: فائل

MULTAN: رس ملائی

اجزا:

پھٹا دودھ: ایک پاؤ، چینی : چار کپ، میدہ: چار کھانے کے چمچے، دودھ : دو لیٹر

ترکیب:

پھٹے ہوئے دودھ میں میدہ شامل کرلیں۔ چینی پیس لیں اور اس کا شیرہ بنالیںجیسا جلیبی کے لیے تیار کیا جاتا ہے۔ پھٹے دودھ اور میدے کے آمیزے کے گولے بنا کر پہلے سے رکھ لیں۔ اب انھیں ابلتے شیرے میں ڈالتی جائیں۔ تمام گولے ڈالنے کے بعد آدھا کپ پانی شال کرکے انھیں پکنے دیں۔

دوسری طرف دودھ کو اتنا پکائیں کہ وہ آدھا رہ جائے، پھر اسے ٹھنڈا ہونے کے لیے چھوڑ دیں۔

پانی جب شیرے میں شامل ہوجائے توگولیاں نکال کر ٹھنڈے دودھ میں ڈال دیں۔

نوٹ: ایک روز پہلے بھی بنائی جاسکتی ہے۔ ایئر ٹائٹ جار میں ہفتہ بھر تازہ رہے گی۔

کھیر

اجزا:

ابلے چاول: ایک کپ، دودھ : دو لیٹر، چینی: حسب پسند، میوہ: حسب پسند، زردے کا رنگ: آدھی چٹکی

ترکیب:

ایک لیٹر دودھ میں چاول ڈال کر گرائنڈ کرلیں۔ بقیہ ایک لیٹر دودھ کو اتنا پکائیں کہ آدھا رہ جائے۔ دودھ اور چاول کے آمیزے کو دھیمی آنچ پر گاڑھا ہونے تک پکائیں۔ پھر اس میں چینی پیس کر شامل کردیں اور بقیہ دودھ ڈال کر کم از کم دس منٹ اور پکائیں۔ اس دوران زردے کا رنگ اور کشمش، الائچی پاؤڈر بھی شامل کریں۔ کھیر گاڑھی ہونے پر چولھا بند کردیں اور میووں سے سجا کر پیش کریں۔

گلاب جامن

اجزا :

پھٹا دودھ : چوتھائی کپ، کھانے کا سوڈا: دو تین چٹکی، میدہ: تین کھانے کے چمچے، چینی : دو کپ

ترکیب:

سب سے پہلے چینی پانی میں ملا کر چولھے پر چڑھادیں اور شیرہ بناکر اتار لیں۔ اب میدہ، الائچی کا پاؤڈر اور سوڈا پھٹے دودھ میں شامل کرلیں۔گلاب جامن کے طرز پر چھوٹے چھوٹے گولے بناکر فرائی کرلیں۔ سنہرا ہونے پر نکال لیں اور شیرے میں ڈال دیں۔ کچھ دیر کے بعد پلیٹ میں نکال لیں اور اوپر سے پستہ چھڑک دیں۔

بھتورا

اجزا:

میدہ : ڈھائی کپ، دہی: آدھا کپ، بیکنگ پاؤڈر: نصف چائے کا چمچہ، نمک : ایک چمچہ، چینی: آدھا کپ، تیل: حسب ضرورت ( فرائی کرنے کے لیے )

ترکیب:

میدے میں نمک ، دہی، بیکنگ پاؤڈر ملاکر گوندھ لیں اور دو تین گھنٹوں کے لیے رکھ دیں۔ پھر لمبائی میں بیلن کی طرح گول بیل لیں اور چھری سے کیوب کی شکل میں کاٹ لیں۔

چینی کا قوام بنائیں اورگرم قوام میں تمام بھتورے ڈال دیں۔چمچے سے اس طرح ہلاتی رہیں کہ تمام بھتورے قوام میں اچھی طرح ڈوب جائیں۔ ٹھنڈا ہونے پر محفوظ کرلیں۔

فیرنی

اجزا:

باسمتی چاول: آدھا کپ ( بھگوئے ہوئے)، زعفران یا زردے کا رنگ : ایک چٹکی، الائچی پاؤڈر : حسب پسند، دودھ : ایک لیٹر، چینی: تین چوتھائی کپ

ترکیب:

بھگوئے ہوئے چاول کو پانی میں سے نکال لیں اور گرائنڈ کرلیں یا باریک پیس لیں۔ ٹھنڈے دودھ میں ڈالر چولھے پر چڑھا دیں۔ لکڑی کے چمچے سے ہلاتی رہیں۔ جب فیرنی گاڑھی ہونے لگے تو آنچ بالکل دھیمی کرکے اس میں زعفران یا زردے کا رنگ، الائچی پاؤڈر ڈال کر پکائیں۔ گاڑھی ہونے پر کترے ہوئے پستے ڈال کر ٹھنڈی کرلیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں