شاہ رخ کا سگریٹ اور شراب نوشی چھوڑنے کا فیصلہ

بچوں کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گزارنا چاہتا ہوں جس کے لیے مجھے صحت مند رہنا ہوگا، بالی ووڈ اسٹار


ویب ڈیسک March 20, 2017
بچوں کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گزارنا چاہتا ہوں جس کے لیے مجھے صحت مند رہنا ہوگا، بالی ووڈ اسٹار، فوٹو؛ فائل

FAISALABAD: بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے اپنے بچوں کے لیے شراب اور سگریٹ نوشی ترک کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان اداکاری کے باعث شہرت تو رکھتے ہی ہیں لیکن ان کا شمار فلم نگری کے چند سگریٹ نوشی کے عادی اداکاروں میں بھی ہوتا ہے جو سختی کے باوجود فلموں کے سیٹ پر بھی سگریٹ نوشی کرتے نظر آتے ہیں تاہم اب کنگ خان نے بچوں کے لیے بڑا فیصلہ کرلیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان اپنے بچوں کی خاطر سگریٹ اور شراب نوشی ترک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایک تقریب کے دوران شاہ رخ خان نے کہا کہ میں اپنے بچوں کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گزارنا چاہتا ہوں جس کے لیے مجھے صحت مند رہنا ہوگا اور صحت مند رہنے کے لیے مجھے شراب اور سگریٹ نوشی کو بھی ترک کرنا ہوگا۔

بالی ووڈ اسٹار نے کہا کہ میں 50 سال کی عمر میں چھوٹے بیٹے کے ساتھ موجود ہوں لیکن میں مزید 20 سے 25 سال اپنی اولاد کے ساتھ بتانا چاہتا ہوں لہٰذا میں صحت مند رہنے کے لیے زیادہ سے زیادہ ورزش کروں گا اورشراب اور سگریٹ نوشی بھی کم کردوں گا۔

شاہ رخ کا کہنا تھا کہ 15 سال کی عمر میں اپنے والد کو کھودیا تھا اور یہ سب بری عادتیں ان کی غیر موجودگی میں سیکھی ہیں لیکن میں نہیں چاہتا مرنے کے بعد میرے بچے بھی ایسی ہی کوئی بری عادت اپنائیں۔

واضح رہے کہ شاہ رخ خان ہدایتکار امتیاز علی کی فلم ''دی رنگ'' کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس میں انوشکا شرما مدمقابل مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں