پی سی بی ایوارڈز سعید اجمل نے میلہ لوٹ لیا

پلیئرآف دی ایئر کا اعزاز محمد حفیظ کے نام،جنید خان کیلیے ایمرجنگ کھلاڑی کی ٹرافی،2 فارمیٹ کے کپتان مصباح الحق۔۔۔


Sports Reporter January 13, 2013
لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن پاکستانی اسپنر سعید اجمل کو ایوارڈ سے نواز رہے ہیں، درمیان میں چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف موجود۔ فوٹو: ایکسپریس

آئی سی سی کی طرز پر پاکستان کا پہلا ایوارڈز میلہ سعید اجمل نے لوٹ لیا،مایہ ناز اسپنر ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹوئنٹی 20 کے ساتھ سال کے بہترین بولر بھی قرار پائے۔

پلیئر آف دی ایئر کا اعزاز محمد حفیظ کے نام رہا، دو فارمیٹ میں کپتان مصباح الحق کسی ایک کیٹیگری میں بھی نامزد نہ ہوسکے،فاسٹ بولر جنید خان ایمرجنگ پلیئر آف دی ایئر بنے،سابق کپتان امتیاز احمد اور حنیف محمد کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا، بھارتی قلعہ تسخیر کرنے والی قومی ٹیم کے کھلاڑیوں پر بھی انعامات کی بارش کر دی گئی، ٹوئنٹی20 اور ایک روزہ سیریز میں شریک ہر کرکٹر کو5،5 لاکھ جبکہ مینجمنٹ کے ہر رکن کیلیے ڈھائی لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا گیا۔

مقابلوںکے ٹاپ 5 پرفارمرزجنید خان، ناصر جمشید، سعید اجمل، محمد حفیظ اور محمد عرفان کو 5، 5 لاکھ روپے مزید ملیں گے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے پہلی بار آئی سی سی کی طرز پر ایوارڈز کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے 18 مختلف کیٹیگریز میں کھلاڑیوں،امپائرز اور آفیشلز کو ٹرافیز اور نقد رقم سے نوازا، سعید اجمل نے تینوں فارمیٹ کے ساتھ سال کے بہترین بولر کا ایوارڈ بھی اپنے نام کیا،محمد حفیظ نے پلیئر آف دی ایئر اعزاز حاصل کیا، ناصر جمشید ٹوئنٹی20 اور ون ڈے میں بیٹسمین آف دی ایئر قرار پائے،اظہر علی ٹیسٹ میں سال کے بہترین کھلاڑی رہے، ذوالفقار بابر ڈومیسٹک کرکٹ کے بہترین بولر، حارث سہیل بیٹسمین کا اعزاز لے اُڑے۔

01

حنیف محمد اور امتیاز احمد کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا،احسن رضا نے سال کے بہترین امپائر کا ایوارڈ حاصل کیا، محمد شکیل بہترین ڈیف کرکٹر ، محمد جمیل بلائنڈ کرکٹر آف دی ایئر قرار پائے، ویمنز کرکٹ میں کپتان ثنا میر پلیئر آف دی ایئر رہیں، حاجی بشیر سال کے بہترین کیوریٹر منتخب ہوئے۔ ہر کیٹیگری میں ایوارڈ حاصل کرنے والوں کو 2،2 لاکھ روپے ملیں گے، بیسٹ بولر آف دی ایئر سعید اجمل کو 15 لاکھ روپے کے انعام سے نواز کر آئی سی سی ایوارڈز میں نظر انداز کیے جانے کی تلافی کی گئی،کرکٹ کی جس عالمی باڈی نے انھیں اعزاز سے محروم کیا گذشتہ روز اسی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن کے ہاتھوں انھیں ایوارڈز دلائے گئے۔

حالیہ دورئہ بھارت میں ون ڈے سیریز جیتنے والے کھلاڑیوں پر بھی انعامات کی بارش کر دی گئی۔ ٹوئنٹی20 اور ایک روزہ سیریز میں شریک ہر کرکٹر کو5،5 لاکھ جبکہ مینجمنٹ کے ہر رکن کیلیے ڈھائی لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا گیا، روایتی حریف کیخلاف مقابلوںکے ٹاپ 5 پرفارمرز جنید خان، ناصر جمشید، سعید اجمل، محمد حفیظ اور محمد عرفان 5، 5 لاکھ روپے مزید حاصل کریں گے۔ بھارت کے خلاف سیریز کے انعام کی بدولت دوہری رقم ہاتھ لگنے سے سعید اجمل نے 31 لاکھ روپے پی سی بی کے خزانے سے اپنے بینک اکائونٹ میں منتقل کیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں