صرف بنگلہ دیش سے آس لگائے نہیں بیٹھے پی سی بی

دورہ پاکستان کے لیے کئی دیگر ٹیموں سے بھی بات چل رہی ہے، چیئرمین کا دعویٰ


Sports Reporter January 13, 2013
غیر ملکی ٹیموں کے خدشات دور کرنے کے لیے محنت کر رہے ہیں، ذکا اشرف فوٹو: فائل

چیئرمین پی سی بی ذکااشرف نے کہا ہے کہ دورئہ پاکستان کے لیے ہم صرف بنگلہ دیش سے ہی آس لگائے نہیں بیٹھے، دیگر کئی ٹیموں سے بھی بات چل رہی ہے۔

واضح صورتحال بنتے ہی ملک کا نام بتا دیا جائے گا۔ لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران انھوں نے کہا کہ غیر ملکی ٹیموں کے خدشات دور کرنے کے لیے محنت کر رہے ہیں، برٹش یونیورسٹی اور آرمی کی ٹیمیں بھی فول پروف سیکیورٹی میں کھیل کر وطن واپس گئیں، سپر لیگ کا کامیاب انعقاد مستقبل کے لیے کئی امکانات روشن کر دے گا، انھوں نے کہا کہ پاکستان کی کرکٹ برادری ڈیو رچرڈسن اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے کمیونیکیشن منیجر کولن گبسن کو خوش آمدید کہتی ہے، کافی عرصہ سے ان کی میزبانی کرنا چاہتے تھے مگر موقع اب ملا۔

ذکا اشرف نے کہا کہ کرکٹ کی عالمی باڈی اور رکن ممالک کے ساتھ تعلقات مسلسل بہتری کی طرف گامزن ہیں، مہمان آفیشلز کو این سی اے میں اہم امور پر بریفنگ دی گئی جس پر انھوں نے اطمینان کا اظہار کیا ، ہمیں ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لیے آئی سی سی کی طرف سے تائید و حمایت حاصل ہے۔

02

اس حوالے سے کونسل کے چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کی سیریز شیڈول ہوجاتی تو ہمارا سیکیورٹی عملہ حالات کو دیکھتے ہوئے آفیشلزکو بھجوانے کا فیصلہ کرتا، دوسری صورت میں دونوں ملک اتفاق رائے سے نیوٹرل کے بجائے مقامی امپائرز اور ریفریز کی نگرانی میں میچ کرانے کا فیصلہ کرنے میں بھی آزاد تھے، بد قسمتی سے ہماری طرف سے کوئی رکاوٹ نہ ہونے کے باوجود پاکستان میں طویل عرصے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کا انعقاد ممکن نہ ہو سکا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں