آکلینڈ ٹینس ڈیوڈ فیرر نے 4 ٹائٹل جیتنے کا ریکارڈ برابر کردیا

برنارڈ ٹومک نے سڈنی انٹرنیشنل کی ٹرافی اپنے نام کرلی، ہیوٹ کی کویونگ کلاسک میں فتح۔


AFP January 13, 2013
ڈیوڈ فیرر نے جنوبی افریقہ کے کیون اینڈرسن کو پچھاڑ کر پہلا اے ٹی پی ٹائٹل اپنے نام کیا۔ فوٹو: اے ایف پی

لاہور: ٹینس اسٹار ڈیوڈ فیرر نے چار مرتبہ آکلینڈ اوپن ٹائٹل جیتنے کا ریکارڈ برابر کردیا،نوجوان آسٹریلوی ٹینس پلیئر برنارڈ ٹومک نے سڈنی انٹرنیشنل کی ٹرافی جیت لی۔

انھوں نے جنوبی افریقہ کے کیون اینڈرسن کو پچھاڑ کر پہلا اے ٹی پی ٹائٹل اپنے نام کیا۔ آسٹریلیا کے لیٹن ہیوٹ نے بھی کویونگ کلاسک میں فتح کے ذریعے ثابت کر دیا کہ ان میں اب بھی دم خم باقی ہے،ہوبارٹ میں روس کی الینا ویسنینا نے مونا بارتھیل کو قابو کرکے اپنے کیریئر کے پہلے ڈبلیو ٹی اے اعزاز کو گلے لگایا۔

تفصیلات کے مطابق پیر کو شروع ہونے والے سال کے پہلے گرینڈ سلم آسٹریلین اوپن سے قبل مختلف مقامات پر کھیلے جانے والے وارم اپ ایونٹس اختتام پزیر ہوگئے،نیوزی لینڈ میں آکلینڈ اوپن کے فائنل میں ڈیوڈ فیرر نے فلپ کوہلشریبیر کو 7-6 (7/5) اور 6-1 سے قابو کیا، اس طرح انھوں نے روے ایمرسن کا چار مرتبہ یہ ٹائٹل جیتنے کا ریکارڈ برابر کردیا۔ سڈنی انٹرنیشنل میں 20 سالہ میزبان پلیئر برنارڈ ٹومک نے کیریئر کا پہلا اے ٹی پی ٹور ٹائٹل حاصل کر کے روشن مستقبل کی نوید سنا دی۔

07

انھوں نے سال کا آغاز مسلسل 8 فتوحات سے کیا اور فائنل میں36 رینکڈ اینڈرسن کو دو گھنٹے و55 منٹ میں 6-3، 6-7 (2/7) اور 6-3 سے شکست دی، وہ یہ ایونٹ جیتنے والے گذشتہ 8 برس میں پہلے آسٹریلوی کھلاڑی ہیں، ان سے قبل 2005 میں لیٹن ہیوٹ نے ٹرافی حاصل کی تھی،وہ راجر فیڈرر2002 کے بعد اس ایونٹ میں کامیابی حاصل کرنے والے کم عمر ترین پلیئر ہیں، ٹومک اب آسٹریلین اوپن کا آغاز 43 ویں رینک پوزیشن سے کریں گے، اگر سب کچھ پروگرام کے مطابق رہا تو وہ تیسرے رائونڈ میں 17 مرتبہ کے گرینڈ سلم چیمپئن اور سیکنڈ سیڈ فیڈرر سے ٹکرائیں گے۔ ادھر میلبورن میں لیٹن ہیوٹ نے جوآن مارٹن ڈیل پورٹو کو6-1 اور 6-4 سے زیرکر کے کویونگ کلاسک جیت لیا۔

سابق نمبر ون اور ایک دہائی قبل دو گرینڈ سلم جیتنے والے ہیوٹ نے 8 کھلاڑیوں کے ایونٹ میں ٹاپ 15 میں شامل تین کھلاڑیوں کو زیر کیا، اس وقت وہ عالمی رینکنگ میں82 ویں نمبر پر ہیں،31 سالہ ہیوٹ پیر کو آسٹریلین اوپن میں سرب 8 سیڈ جانکو تیپسرووچ کو پہلے رائونڈ میں زیر کرنے کے لیے پُراعتماد ہیں۔ ہوبارٹ میں روس کی الینا ویسنینا نے دفاعی چیمپئن مونا بارتھیل کو 6-3 اور 6-4 سے شکست دی، ورلڈ نمبر 68 نے اپنے ساتویں فائنل میں پہلی مرتبہ کامیابی حاصل کی، وہ اینا چاکویٹاڈزے کے بعد ہوبارٹ ٹائٹل جیتنے والی دوسری روسی کھلاڑی بنیں، الینا فتح کے ساتھ 40 ہزار ڈالر کی رقم اپنے اکائونٹ میں جمع کرانے میں کامیاب ہوئیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں