افغانستان ڈرون حملے جھڑپیں 3 افغان فوجی 43 جنگجو ہلاک

امریکی ڈرون حملے صوبہ ننگرہار میں ہوئے، مرنے والوں میں13داعش شدت پسند بھی شامل

ہلمند میں کیمپ انتونک میں افغان فوجی نے فائرنگ کرکے 3 امریکی فوجیوں کو زخمی کردیا۔ فوٹو: فائل

افغانستان میں ڈرون حملے اور جھڑپوں میں 3 افغان فوجی اور 43 شدت پسند ہلاک ہوگئے۔

مشرقی صوبے ننگرہار میں امریکی ڈرون حملوں میں داعش کے 13شدت پسند ہلاک ہوگئے جبکہ جنوبی صوبہ زابل میں آپریشن کے دوران 19 طالبان کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

صوبائی گورنر کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ ضلع شاہ جوئی میں فوج نے طالبان کے خلاف آپریشن کیا اوراس دوران19طالبان ہلاک اور12زخمی ہوگئے۔ طالبان نے صوبے ازرگان کے ضلع ترین کوٹ میں ایک فوجی چوکی پر اچانک دھاوا بول دیا اور اضافی فورسز کی تعیناتی تک کچھ گھنٹوں کے لیے چوکی کا کنٹرول بھی سنبھال لیا تاہم اس موقع پر اضافی فورسز کو طلب کرکے طالبان کے ساتھ سخت جھڑپیں کی گئیں جس کے نتیجے میں 3 فوجی اور11 طالبان ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔


ادھر جنوبی افغان صوبے ہلمند میں امریکی فوج کے کیمپ انتونک میں افغان فوجی نے فائرنگ کرکے 3 امریکی فوجیوں کو زخمی کر دیا، جوابی فائرنگ میں اس افغان فوجی کومار دیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی فوجی زخمی حالت میں اسپتال پہنچادیے گئے ہیں تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ وہ کتنے شدید زخمی ہیں، رواں برس کے دوران امریکی فوجیوں پر یہ پہلا ان سائیڈر حملہ ہے۔ یہ امریکی فوجی کیمپ ہلمند صوبے کے وسہر ضلع میں واقع ہے۔ تاحال کسی گروپ نے اس حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی۔

علاوہ ازیں شمالی صوبہ تخارکے گاؤں کا مزارین میں طالبان کے پولیس کے گشتی قافلے پرحملے کے نتیجے میں 2افراد زخمی ہوگئے۔
Load Next Story