قائداعظم کیخلاف اشتعال انگیزی قابل مذمت ہے آفاق احمد

جلد ہی پارٹی پالیسی کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا،چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ


Staff Reporter January 13, 2013
جلد ہی پارٹی پالیسی کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا،چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ۔ فوٹو: فائل

مہاجر قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے کہ قائداعظم کے خلاف اشتعال انگیزی قابل نفرت ہے۔

مہاجر قوم کی کبھی روایات نہیں رہی کہ وہ اپنے محسنوں اور بزرگوں کیلیے بازاری زبان استعمال کریں ،ایسا کرنے والے ملک یا قوم کے وفادار نہیں انکی زبان سے وہی کچھ نکل رہا ہے کہ جس کی تربیت انھیں بیرون ِ ملک رکھ کرگذشتہ بیس برسوں میں دی گئی ہے ،اپنی رہائش گاہ پر شہر کے مختلف علاقوں سے آنے والے مہاجر بزرگوں اور نوجوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے آفاق احمد نے کہا کہ مہاجر قوم کی ثقافتی و معاشرتی میراث علم و ہنر کی آبیاری اور رواداری رہی ہے۔

انتہا پسندی اور زہریلے نظریات کا گزرکسی دور میں مہاجر سماج سے نہیں ہوا لیکن آج جس طرح اردو بولنے والوں کے جذبات سے کھیلا جارہا ہے اسے برداشت کیا جائے گا، نہ کسی کو اس بات کی اجازت دیں گے وہ مجمع لگاکر قیام پاکستان کیلیے دی جانے والی لاکھوں جانوں کی قربانی کا یوں مذاق اڑائے، آفاق احمد نے کہا کہ میں ایسے نوجوانوںکوخراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ جو اپنی قوم کی محبت اور انہیں باوقار مقام کیلیے برسر اقتدار جماعت میں رہتے ہوئے بھی مہاجر قوم کے خلاف نہ گئے اور قوم پرستی کی جدوجہد میں مصروف رہے۔

 

05

میں ایسے تمام نوجوانوں کی ہمت کو داد دیتا ہوں اور اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلاتا ہوں، انھوں نے مزید کہا بیس برسوں میں مہاجر قوم کو جتنا نقصان پہنچایا گیا اس کے ازالے کیلیے انتھک محنت کی ضرورت ہے بلکہ قوم پرستی کا تقاضا ہے کہ مہاجر قوم کے بہتر مفاد میں مہاجر نوجوانوں کو متحد و متحرک کرنے کیلیے اگر غیر مقبول فیصلے بھی کرنے پڑیں تو کیے جائیں ، انھوں نے مزید کہا کہ مہاجر قومی موومنٹ مرکزی رہنمائوں کے ساتھ ساتھ مہاجر بزرگوں سے بھی اس سلسلے میں مشاورت کررہی ہے اور جلد ہی پارٹی پالیسی کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں