ملک بھرمیں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا گیا

پاکستانی مسلح افواج کے دستوں کی جانب سے پریڈ کا شاندار مظاہرہ، چین اور ترکی کے دستوں کی بھی شرکت


ویب ڈیسک March 23, 2017
پاک فضائیہ كی طرف سے جے ایف 17، ایف 16، میراج اور ایف سیون جیسے لڑاكا طیارے فلائی پاسٹ كا شاندار مظاہرہ کیا۔ فوٹو: فائل

ملک بھر میں 76 واں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا گیا اور اس حوالے سے وفاقی دارالحکومت میں مسلح افواج کی جانب سے شاندار پریڈ کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔

یوم پاکستان کی تقریبات كا آغاز وفاقی دارالحكومت اسلام آباد میں 31 جب كہ صوبائی دارالحكومتوں لاہور، كراچی ، پشاور اور كوئٹہ میں 21 ،21 توپوں كی سلامی سے ہوا، دن کے آغاز پر وطن عزیز کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ یوم پاکستان پر تمام سركاری ونجی عمارات پر قومی پرچم لہرائے گئے، اسلام آباد سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں تقریبات كا انعقاد كیا گیا۔ یوم پاكستان پرملک بھر میں عام تعطیل تھی۔

كراچی میں بانی پاكستان قائداعظم محمد علی جناح جب كہ لاہور میں شاعر مشرق اور مفكر پاكستان ڈاكٹر علامہ محمد اقبال كے مزاروں پر گارڈز كی تبدیلی كی تقریبات منعقد ہوئیں۔ یوم پاكستان كے موقع پر اسلام آباد میں مسلح افواج كی پریڈ كا شاندار مظاہرہ کیا گیا جس میں تاریخ میں پہلی مرتبہ پاكستان كی تینوں مسلح افواج كے ساتھ ساتھ چین، تركی اور سعودی عرب كے فوجی دستے بھی پریڈ میں حصہ لیا۔

اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں ہونے والی شاندار پریڈ میں بری، بحری اور فضائی افواج كے ساتھ ساتھ ایف سی اور رینجرز كے جوانوں نے بھی حصہ لیا، ایس ایس جی كمانڈوز، لائٹ انفنٹری، كمانڈو بٹالین کے ساتھ آرمی ایوی ایشن كے ہیلی كاپٹرز اور پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر، ایف 16، میراج اور ایف سیون جیسے لڑاكا طیاروں نے فلائی پاسٹ كا شاندار مظاہرہ کیا۔ بیلسٹک اور كروز میزائل كی مكمل رینج بھی پریڈ كا حصہ تھے، پاكستان میں بنائے جانے والے جدید ہتھیاروں كی نمائش بھی كی گئی۔

اسلام آباد میں پریڈ کے موقع پر سیکیورٹی اقدامات کے تحت جڑواں شہروں میں صبح 5 بجے سے دن 3 بجے تک موبائل فون سروس معطل رہی۔ پریڈ گراؤنڈ كی سیكیورٹی پاک فوج كی ٹرپل ون برگیڈ كے حوالے تھی، پریڈ گراؤنڈ كے چاروں اطراف ملٹری پولیس كی چوكیاں قائم كی گئی۔ پریڈ میں اعلیٰ حكومتی، عسكری شخصیات بھی شریک تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں