آزادی کی تحریکوں کو وقتی طور پر دبایا جاسکتا ہے ختم نہیں کیاجاسکتا پاکستانی ہائی کمشنر

یقین ہے جو جدوجہد کشمیری کررہےہیں وہ انشاءاللہ ضرور کامیاب ہوگی، عبدالباسط


ویب ڈیسک March 23, 2017
جموں کشمیر کا تنازع کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے گا، عبدالباسط۔ فوٹو : فائل

ATTOCK: پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کا کہنا ہے کہ آزادی کی تحریکوں کووقتی طورپردبایا تو جاسکتا ہے لیکن دائمی طور پر ختم نہیں کیاجاسکتا اس لیے ہمیں یقین ہے کہ کشمیری عوام کی جدوجہد ضرور کامیاب ہوگی۔

یوم پاکستان کے موقع پر بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن میں پرچم کشائی کی تقریب ہوئی جس میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے بھارت میں موجود تمام پاکستانیوں کومبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قائداعظم کی ولولہ انگیزقیادت میں برصغیرکےمسلمانوں نے آزادی کے خواب کی تعبیر پائی، پاکستان کو صحیح معنوں میں فلاحی مملکت بنانےکی ذمہ داری ہم سب پرعائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن پاکستان اوربھارت دونوں کے مفاد میں ہے اور معنی خیزمذاکرات سے ہی دیرپا امن یقینی بنایا جاسکتا ہےجب کہ بھارت سے مذاکرات کی خواہش کمزوری نہیں بلکہ ہماری طاقت ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : ملک بھرمیں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا کہ پاکستان جموں کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کاحل بات چیت سے چاہتا ہے، دوطرفہ مسائل پرہماراموقف اصولی اورعالمی قوانین کےمطابق ہے،پاکستان بھارت سے تعلقات کی بہتری کے لیے پر امید ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تمام تنازعات پرامن طریقےسے حل کریں گے بالخصوص جموں کشمیر کا تنازع جس کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کی تحریکوں کووقتی طورپردبایا تو جاسکتا ہے لیکن دائمی طور پر ختم نہیں کیاجاسکتا اور ہمیں یقین ہے کہ کشمیری عوام کی جدوجہد ضرور کامیاب ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں