خواجہ آصف کا پی پی دورحکومت میں دبئی سے بھارتیوں کو ویزے جاری کرنے کا انکشاف

ویزوں کی درخواستیں زرداری ہائوس کو دی گئیں، واضح بیانیہ لانے کی ضرورت ہے، وزیردفاع

قائداعظم نے سیکولر کالفظ استعمال نہیں کیا، ذوالفقار چیمہ اور فرید پراچہ کی کل تک میں گفتگو فوٹو: فائل

وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے پچھلے دور میں دبئی سے بھارتی ویزے جاری کئے گئے جس کی تحقیقات کے لئے کمیٹی بنائیں گے۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام کل تک میں میزبان جاوید چوہدری سے گفتگو میں وزیردفاع نے انکشاف کیا کہ دبئی سے بھارتی ویزے بھی جاری کیے گئے اور ویزوں کی درخواستیں زرداری ہاؤس کو دی گئیں جس کی تحقیقات کے لئے کمیٹی بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ افغان جنگ کے دوران اور نائن الیون کے بعد ہم نے تقریباً ایک جیسا بیانیہ رکھا، سیاست،عدلیہ، فوج اورمیڈیا کو واضح بیانیہ لانے کی ضرورت ہے، افغانستان میں تین دہائیوں پر مشتمل مداخلت سے نکلنا ضروری ہے، جس سے ہمارے ملکی حالات تباہ ہوگئے۔


پروگرام میں شریک سابق آئی جی پولیس ذوالفقارچیمہ نے کہا کہ 23 مارچ کا اعلان آج بھی برمحل اورموزوں ہے ، قائداعظم نے سیکولر کا لفظ کبھی استعمال نہیں کیا، انھوں نے سیکڑوں مرتبہ کہا پاکستان میں اسلامی عدل وانصاف کے مطابق معاشرہ تشکیل دیناچاہتے ہیں، بعد میں آنے والے سارے حکمران نااہل ثابت ہوئے۔

ایئرمارشل (ر) شاہد لطیف نے کہا کہ لبرل ازم کی آڑ میں نظریہ پاکستان توڑنے مروڑنے کی کوشش کی جارہی ہے، ملک کو نئے بیانیہ کی ضرورت نہیں، جماعت اسلامی کے رہنما فریدپراچہ نے کہا کہ اسلام ،عدل وانصاف ،حقوق ،پانی اورروٹی دینے کی بجائے آج بیانیہ بدلنے کی بات کرنا بددیانتی ہے، منبراور محراب کا دہشت گردی کے ساتھ کوئی تعلق نہیں، جن لوگوں کے ہاتھوں میں آج ملک ہے وہ اللہ اوربھگوان کوایک قرار دیتے ہیں۔
Load Next Story