عدالت سے نواز شریف کے خلاف کبھی فیصلہ نہیں آیا آصف زرداری

سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری سیاسی جج تھے وہ صدر بننا چاہتے تھے، شریک چیرمین پیپلز پارٹی

حامد سعید کاظمی کے باعزت بری ہونے پر الزام لگانے والوں کو شرم آنی چاہیے ، آصف زرداری فوٹو: آئی این پی

KARACHI:
پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کا کہنا ہے کہ ججز کے دل میں کیا ہے وہ نہیں جانتے لیکن یہ ضرور پتا ہے کہ نواز شریف کے خلاف کبھی فیصلہ نہیں آیا۔



ملتان میں حامد سعید کاظمی کی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ وہ حامد سعید کاظمی کو باعزت بری ہونے پر مبارکباد دیتے ہیں، اللہ نے حامد کاظمی کے ساتھ انصاف کیا ہے، حامد سعید کاظمی کے باعزت بری ہونے پر الزام لگانے والوں کو شرم آنی چاہیے، سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری سیاسی جج تھے وہ صدر بننا چاہتے تھے، صدر بننے کے لیےاُس سابق جج نے سب کچھ کیا، جب میں صدر تھا تو ان کی سفارشیں لے کر آنے والوں کو خبردار کرتا تھا کہ ان کی نیت ٹھیک نہیں لیکن وہ نہیں مانتے تھے اور بعد میں اس جج نے سیاسی جماعت بنا کر میری بات ثابت کردی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: ایبٹ آباد آپریشن کرنے والے ویزا لے کر نہیں آئے تھے،یوسف رضا گیلانی




آصف زرداری نے کہا کہ انہیں غیب کی باتوں کی خبر نہیں، اس لئے وہ نہیں جانتے کہ پاناما پر ججوں کے دلوں میں کیا ہے، یہ ضرور پتا ہے کہ ہمارے حق میں کوئی فیصلہ نہیں آتا، میاں صاحب کے خلاف کبھی فیصلہ آیا نہیں، یہ بات بےنظیر بھٹو بھی کہا کرتی تھیں کہ پتہ نہیں کیوں ہمارے حق میں اور نواز شریف کے خلاف عدالت کا فیصلہ نہیں آتا۔ پنجاب حکومت ہمیں سیکیورٹی دے یا نہ دیں لیکن ہم نکلیں گے اور پنجاب میں جلسے کریں گے۔



آئندہ انتخابات کے حوالے سے سابق صدر نے کہا کہ ہم ہمیشہ انتخابات کے لیے تیار رہتے ہیں، الیکشن کل ہو یا آج ہم تیار ہیں لیکن مسلم لیگ (ن) نہیں چاہتی کہ ملک میں قبل از وقت الیکشن ہوں، وہ چاہیں گے کہ پہلے سینیٹ میں اکثریت حاصل کرلیں پھر عام انتخابات کرائیں، آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی کامیاب ہوگی اور ہم ن لیگ سے پورا پنجاب لیں گے کیونکہ پورا پنجاب ہمارا ہے اور یہاں کے عوام بھی پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں گے۔

Load Next Story