ایبٹ آباد آپریشن کرنے والے ویزا لے کر نہیں آئے تھےیوسف رضا گیلانی

حسین حقانی کے معاملے کے بجائے اسامہ کی پاکستان میں موجودگی کی تحقیقات کی جائیں، سابق وزیراعظم


ویب ڈیسک March 24, 2017
حسین حقانی کے معاملے کے بجائے اسامہ کی پاکستان میں موجودگی کی تحقیقات کی جائیں، سابق وزیراعظم، فوٹو؛آئی این پی

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ امریکا میں سابق سفیر حسین حقانی کو ویزوں کے اجرا سے متعلق مشروط اختیارات دیے گئے تھے جب کہ ایبٹ آباد آپریشن میں حصہ لینے والی امریکی فورسز ویزا لے کر نہیں آئیں۔

ملتان میں حامد سعید کاظمی کی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ ایبٹ آباد آپریشن میں حصہ لینے والی امریکی فورسز ویزا لے کر نہیں آئیں اور خط میں اسپیشل امریکی فورسز کو ویزے دینے کی اجازت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا جب کہ سابق سفیر حسین حقانی کو ویزوں کے اجرا سے متعلق مشروط اختیارات دیئے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سفیر کو خط متعلقہ وزارت کے ذریعے ہی بھیجا گیا ہوگا جب کہ سفیر سفارت خانے اور عملے کو نظرانداز کرکے ویزہ نہیں دے سکتا اور سفیر کو خط لکھنے کا مقصد ویزے کے اجرا کے طریقہ کار کو بائی پاس کرنا نہیں بلکہ تیز کرنا تھا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ یوسف رضا گیلانی نے حسین حقانی کو لمبی مدت کے ویزوں کا اختیار دیا

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ خط میں سفیر کو واضح کردیا تھا کہ وزارت خارجہ کی سفارش پر ویزا جاری کیا جائے اور خط میں کہیں نہیں لکھا کہ سفیر سفارتخانے کے اصول نظر انداز کردے تاہم معاملے کی تحقیقات کے لیے 2002 تا 2017 ویزوں کے اجرا کی تحقیقات کرائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ویزا بغیر سیکیورٹی کلیئر نس جاری نہیں کیا جاتا اور حسین حقانی کا بھی کہنا ہے کہ انہوں نے بغیر سیکیورٹی کلیئرنس کوئی ویزا جاری نہیں کیا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امریکیوں کو شمسی ایئربیس استعمال کرنے کی اجازت مشرف نے دی، پیپلزپارٹی نے امریکا کو ایسی کوئی اجازت کبھی نہیں دی جب کہ ہماری حکومت نے ہی امریکیوں سے شمسی ایئر بیس خالی کرایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بطور وزیراعظم کہا تھا کہ اسامہ بن لادن کی موجودگی کی تحقیقات کرائی جائیں اوراب بھی کہتا ہوں کہ اسامہ بن لادن کی پاکستان میں موجودگی پر تحقیقات کریں نہ کہ ویزے کے اجرا پر، کیوں کہ اس معاملے کو اچھالنے کا مقصد اصل مسائل سے توجہ ہٹانا ہے۔

واضح رہے کہ امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی کو ویزوں کے اجرا سے کے معاملے میں لامحدود اختیارات دینے سے متعلق خط میں انکشاف ہوا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں