غیر متزلزل کمٹمنٹ کی ضرورت

یوم پاکستان پریڈ ملکی دفاع، سیاسی نظریاتی اور معاشی استحکام و ترقی کی روشن علامت ہے


Editorial March 25, 2017

GUJRANWALA: ملک بھر میں77 ویں یوم پاکستان کے موقع پر قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسلام آباد میں تینوں مسلح افواج کی پریڈ میں عسکری قوت کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ تاریخ کے ایک اہم موڑ پرقوم نے 1940ء کی قرارداد پاکستان کی یاد عسکری تیاریوں کے ساتھ اس پیغام کے ساتھ منائی کہ عالمی برادری کو مملکت خداداد ایک نئے مستحکم، امن عالم کی کوششوں اور دہشت گردی کے گلوبل عفریت کے خاتمہ کے لیے غیر متزلزل جمہوری جذبہ اور کمٹمنٹ کے ساتھ شامل ہوتا ہوا نظر آئیگا، یوم پاکستان کی تقریبات نے ملکی سالمیت ،دفاع کے ناقابل تسخیر ہونے اور دشمنوں کو ہر قسم کی مہم جوئی سے دور رہنے پر بروقت متنبہ کیا جب کہ عالم اسلام کو مغرب اور اپنوں کی ریشہ دوانیوں سے محفوظ رکھنے کے لیے ٹی وی پروگرام پیش کیے گئے۔

قومی ترانوں اور نوجوان نسل کو تقریبات سے تاریخی شعور حاصل ہوا، اسکول اور کالجوں کے طلبہ و طالبات کو ملکی سیاسی صورتحال اور وطن عزیز کی خود مختاری و سلامتی و مستقبل کی گراں بار ذمے داریوں سے آشنا کیا گیا، یہ حقیقت ہے کہ ماضی کی حکومتوں نے23 مارچ کو نہ صرف فراموش کردیا تھا بلکہ دہشتگردوں کی طرف سے ممکنہ رد عمل کے خوف سے ملتوی بھی کیا گیا جو در حقیقت قوم کو تحریک پاکستان کے روشن سیاسی سفر کی تاریخ سے کاٹنے کی بزدلانہ پسپائی تھی جب کہ موجود عسکری و سیاسی قیادت نے عوام کی حمایت سے نہ صرف یوم پاکستان منایا بلکہ بے حد جوش و جذبہ سے قوم کو یکجا کیا ۔ قومی قیادت نے عوام کی زندگیوں میں امید فردا اور ملکی اقتصادی ترقی میں پیش رفت سے قوم کو آگاہ کیا،اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ یوم پاکستان پر وطن عزیز کی سلامتی اور امن کے قیام کی کوششوں کی پذیرائی عالمی برادری کی طرف سے ہوئی ، بے شمار تہنیتی پیغامات دنیا کے مختلف ملکوں کے سربراہوں نے ارسال کیے ۔

جب کہ چاروں صوبوں میں تقریبات منفرد انداز میں منائی گئیں جن کی بازگشت ہر جگہ سنی گئی۔ پہلی مرتبہ چین اور سعودی عرب کے فوجی دستوں، ترکش ملٹری بینڈ اور ساؤتھ افریقہ کی فوج کے سربراہ نے پریڈ میں اپنے اپنے ممالک کی نمایندگی کی۔ صدر ممنون حسین تقریب کے مہمان خصوصی تھے جب کہ وزریراعظم نواز شریف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ساؤتھ افریقی فوج کے سربراہ جنرل صالح ذکریا، چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی، فضائیہ، بحریہ کے سربراہان، وفاقی وزراء، چینی سفیر اور دیگر اہم شخصیات کے علاوہ عوام کی ایک تعداد نے پریڈ دیکھی۔صدر ممنون حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک کا دفاع ناقابل تسخیر ہے، بھارت نے خطے کے امن کو داؤ پر لگا دیا ہے، پاکستان کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا۔ ادھر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ دشمن خبردار رہے ، ہم فسادیوں کو ختم کرنے کے لیے ثابت قدم رہیں گے۔ ادھر پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ طالبانیت کے زخموں سے چور سرزمین شمالی وزیرستان میں یوم پاکستان مناتے ہوئے بہت ہی بڑا سبز ہلالی پرچم لہرا دیا گیا، بالائی سندھ اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں بھی یوم قرارداد پاکستان جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔

ریلیاں، تقریبات اور پرچم کشائیاں کی گئیں، یوم پاکستان کے موقع پر مقبوضہ کشمیر کے علاقوں سرینگر، اسلام آباد، پلوامہ، شوپیاں، کولگام اور دیگر جگہوں پر پاکستانی پرچم لہرا دیے گئے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق اس موقع پر پاکستان کے تحفظ، استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ تقریب کے شرکا نے پاکستان کا قومی ترانہ گایا اور پاکستانی پرچم لہرایا۔ دختران ملت کی چیئرپرسن آسیہ اندرابی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پابندیوں کے باوجود مقبوضہ علاقے میں یوم پاکستان کا منایا جانا عالمی برادری کے لیے واضح پیغام ہے کہ کشمیری پاکستان کے ساتھ جینا اور مرنا چاہتے ہیں۔ بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبد الباسط نے کشمیر کے تنازع پر دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی کی تحریکوں کو وقتی طور پر دبایا جاسکتا ہے تاہم دائمی طور پر ختم نہیں کیا جا سکتا، انھوں نے کہا کہ امن پاکستان اور بھارت دونوں کے مفاد میں ہے اور معنی خیزمذاکرات سے ہی دیرپا امن یقینی بنایا جا سکتا ہے، بھارت سے مذاکرات کی خواہش کمزوری نہیں بلکہ ہماری طاقت ہے۔

لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن میں ہونے والی تقریب میں لندن میں دہشتگرد حملے کے تناظر میں برطانیہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور روایتی موسیقی کے پروگرام کو منسوخ کردیا گیا۔ برمنگھم، بریڈ فورڈ، گلاسگو اور مانچسٹر کے پاکستانی قونصل خانوں میں بھی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے یو اے ای حکام اور عوام سے برج الخلیفہ کو پاکستانی پرچم میں مزین کرنے پر تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دبئی میں مقیم پاکستانی دبئی کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ یوم پاکستان پریڈ ملکی دفاع، سیاسی نظریاتی اور معاشی استحکام و ترقی کی روشن علامت ہے۔ بلاشبہ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ یوم پاکستان کے سیاسی ، سماجی اور تاریخی مشن کی ہو بہو تکمیل بابائے قوم کے دیے ہوئے روڈ میپ کے مطابق ہو تاکہ ملک ترقی و استحکام کی منزلیں آسانی سے طے کرتا چلا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔