شارع پاکستان فلائی اوورز مارچ تک مکمل کرلیے جائیں ایڈمنسٹریٹر

ٹریفک کے مصروف اوقات کیلیے ایسا منصوبہ ترتیب دیا جائے کہ شہریوں کو کم سے کم دشواری ہو

ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ عائشہ منزل اور واٹر پمپ فلائی اوور پر کام کی رفتار تسلی بخش ہے جبکہ ڈاکخانہ اور تین ہٹی پر کام کی رفتار کو مزید تیز کرنیکی ضرورت ہے۔ فوٹو: فائل

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر محمد حسین سید نے محکمہ ورکس اینڈ سروسز کو ہدایت کی ہے کہ شارع پاکستان پر بننے والے چاروں فلائی اوورزکو مارچ تک مکمل کرنے کیلیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور ان فلائی اوورز کے نیچے سے گزرنے والی ٹریفک کیلیے امپروومنٹ پلان ترتیب دیا جائے تاکہ فلائی اوورزکے ساتھ ساتھ ان کے نیچے کے کاموں کو بھی بروقت مکمل کیا جائے۔

یہ بات انھوں نے چاروں فلائی اوورز پر کام کی رفتار کا جائزہ لینے کیلیے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی،اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز الطاف جی میمن ، پروجیکٹ ڈائریکٹر، کنسلٹنٹ ندیم انصاری، متعلقہ انجینئرز سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے، انھوں نے کہا کہ عائشہ منزل اور واٹر پمپ فلائی اوور پر کام کی رفتار تسلی بخش ہے جبکہ ڈاکخانہ اور تین ہٹی پر کام کی رفتار کو مزید تیز کرنیکی ضرورت ہے۔




ان فلائی اوورز کے نیچے سے گزرنے والی ٹرانسپورٹ کیلیے بھی ٹریفک امپروومنٹ پلان پر عملدرآمد کیا جائے اور جو تعمیراتی کام ان فلائی اوورز کے نیچے کیے جانے ہیں انھیں بھی مارچ تک ہی مکمل کیا جائے، واٹر پمپ اور عائشہ منزل پر ٹریفک جام کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ انجینئرز کو ہدایت کی کہ وہ ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر مصروف اوقات کیلیے ایسا پلان ترتیب دیں کہ ٹریفک کے گزرنے میں کم سے کم دشواری کا سامنا کرنا پڑے۔
Load Next Story