دھرم شالا ٹیسٹ میں بھارت نے 6 وکٹ پر 248 رنز بنا لیے

آسٹریلیا کی ٹیم پہلی اننگز میں 318 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی

آسٹریلیا کی ٹیم پہلی اننگز میں 318 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی . فوٹو : اے پی

بھارت نے 6 وکٹ پر 248 رنز بنا لیے جب کہ آسٹریلیا کو پہلی اننگز میں 52 رنز کی برتری حاصل ہے۔

ہماچل پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے میچ کے دوسرے روز بھارت نے اپنی اننگز کا آغاز کیا جب کہ اوپنر لوکیش راہول 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، چتیشور پجارا 57 رنز پر ناتھن لیون کا شکار بنے، قائم مقام کپتان اجنکیا راہانے 46 جب کہ روی چندرن ایشون 30 رنز بنائے۔ رویندرا جدیجا 16 اور وردھمان ساہا 10 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ آسٹریلیا کی جانب سے ناتھن لیون نے ایک بار پھر شاندار بولنگ کرتے ہوئے 67 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا۔ جوش ہیزل ووڈ اور پیٹ کمنز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔


اس خبر کو بھی پڑھیں :ایشون نے ڈیل اسٹین کا ریکارڈ توڑ دیا

قبل ازیں آسٹریلیا کی ٹیم پہلی اننگز میں 318 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔ کپتان اسٹیون اسمتھ نے سیریز کی تیسری سنچری اسکور کرتے ہوئے 111 رنز بنائے، آؤٹ آف فارم ڈیوڈ وارنر نے بھی 56 رنز کی اننگز کھیلی، میتھیو ویڈ نے 57 رنز بنائے۔ بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو نے 4، امیش یادیو نے 2 جب کہ بھونیشور کمار، روی چندرن ایشون اور رویندرا جدیجا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
چار میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔ چوتھا اور آخری ٹیسٹ جیتنے والی ٹیم سیریز میں بھی کامیابی حاصل کر لے گی۔
Load Next Story