متحدہ کی صاحبزادہ فضل کریم کو گول میزکانفرنس کیلیے دعوت

دونوں جماعتوں کے رہنمائوں کااستحکام پاکستان کیلیے مشترکہ کوششیں کرنے پر اتفاق


Numainda Express July 30, 2012
دونوں جماعتوں کے رہنمائوں کااستحکام پاکستان کیلیے مشترکہ کوششیں کرنے پر اتفاق, اے پی پی

متحدہ قومی موومنٹ کے آٹھ رکنی نمائندہ وفد نے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ فضل کریم سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور انہیں گول میز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی،ملاقات کے دوران سنی اتحاد کونسل کے رہنما پیر فیض رسول رضوی، صاحبزادہ حامد رضا، مفتی محمد سعید رضوی ودیگر جبکہ متحدہ کے وفد میں سیف یار خان، واسع جلیل، عبدالقادر خانزادہ ویگرشامل تھے۔

دونوں جماعتوں کے رہنمائوں نے استحکام پاکستان کے لیے مشترکہ کوششیں کرنے پر اتفاق کیا اور ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے قومی قیادت کے اتحاد کو ناگزیر قرار دیا۔ متحدہ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ پاکستان کے تحفظ اور استحکام کے لیے سیاسی قوتیں متحد ہوجائیں، گول میز کانفرنس نتیجہ خیز ہونی چاہیے اور اس کی قراردادوں پر عمل ہونا چاہیے، قومی قیادت عوامی مسائل کے حل کے لیے ''میثاق پاکستان'' کے نام سے نیشنل ایجنڈا تیار کرے۔

بلوچستان کے قریب بحیرۂ عرب میں امریکی بحریہ کی موجودگی خطے کے امن کے لیے شدید خطرہ ہے،قومی وحدت کو پارہ پارہ کر کے پاکستان کو دشمنوں کے لیے تر نوالہ بنایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر متحدہ کے وفد کے قائد سیف یار خان نے کہا کہ ایم کیو ایم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سنی اتحاد کونسل کی جدوجہد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے،اس وقت پاکستان اداروں کے تصادم کا متحمل نہیں ہو سکتا، اس لیے تمام ریاستی ادارے اپنی حدود میں رہ کر ملکی ترقی کے لیے اپنا کردارادا کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں