شاہ زیب قتل کیس شاہ رخ جتوئی کی گرفتاری میں اہم پیشرفت ٹیم دبئی روانہ

سکندر جتوئی کی صفائی کا موقع دینے کی یقین دہانی پر گرفتاری دینے پر آمادگی


Adil Jawad January 14, 2013
متحدہ عرب امارات کی حکومت ملزم شاہ رخ جتوئی کی حوالگی میں قانونی تقاضے پورے کرنے میں مصروف ہے، ذرائع کی تصدیق۔ فوٹو: فائل

شاہ زیب قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی کی گرفتاری کے معاملے میں رات گئے ایک اہم بریک تھرو ہوا جس کے بعد ایک ٹیم دبئی روانہ کردی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق سندھ پولیس کے سینئر افسر ایس ایس پی نیاز کھوسو رات گئے اچانک دبئی کیلیے روانہ ہوگئے، ذرائع کے مطابق غالب امکان ہے کہ نیاز کھوسو جلد مطلوب ملزم شاہ رخ جتوئی کے ہمراہ پاکستان لوٹیں گے، اعلی پولیس اور ایف آئی اے ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے ازخود نوٹس لیے جانے کے بعد گرفتار ملزم اور شاہ رخ جتوئی کے والد سکندر جتوئی سمیت خاندان کے دیگر افراد پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا شدید دبائو تھا کہ وہ مرکزی ملزم کی گرفتاری میں تعاون کریں۔

ذرائع نے بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جتوئی خاندان کو یقین دہانی کرائی ہے کہ اگر شاہ رخ جتوئی گرفتاری پیش کردیتا ہے تو شاہ زیب قتل کیس کی تفتیش کے دوران انھیں اپنی صفائی پیش کرنے کا مکمل موقع دیا جائے گا اور پولیس کی جانب سے اس سلسلے میں روایتی طور پر کیے جانے والے تشدد سے احتراز کیا جائے گا، ذرائع نے بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے شدید دبائو کے بعد دبئی میں موجود شاہ رخ جتوئی نے رضاکارانہ گرفتاری پیش کرنے پر نیم رضامندی ظاہر کردی ہے، ذرائع نے بتایا کہ شاہ رخ جتوئی کی جانب سے گرین سگنل ملنے کے بعد سندھ پولیس کے سینئر افسر ایس ایس پی نیاز کھوسو کو اتوار کی رات اچانک دبئی روانہ کردیا گیا ہے جہاں وہ شاہ رخ جتوئی اور خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ حتمی مذاکرات کریں گے۔

 

07

ذرائع نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے بھی شاہ رخ جتوئی کی دبئی میں موجودگی کی تصدیق کردی گئی ہے اور ان کی رہائش گاہ کی نشاندہی بھی کرلی گئی ہے، تاہم امارات حکومت شاہ رخ جتوئی کی گرفتاری سے قبل ملکی اور بین الاقوامی قوانین کے تقاضے پورے کرنے میں مصروف ہے، ذرائع نے بتایا کہ دونوں ہی صورتوں میں غالب امکان ہے کہ ایس ایس پی نیاز کھوسو جلد شاہ رخ جتوئی کو گرفتار کرکے اپنے ہمراہ پاکستان لے آئیں گے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں