اقتدار میں آخر 90دن میں دہشت گردی ختم کردینگے عمران خان

طاہرالقادری کا کہنا درست ہے کہ غیر جانبدار نگراں حکومت قائم نہ ہوئی تو تباہی مچ جائے گی، کوئٹہ میں دھرنے سے خطاب


Numainda Express January 14, 2013
کوئٹہ : تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان علمدار روڈ پہنچنے پرسانحہ کوئٹہ کے لواحقین سے خطاب کررہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ بلوچستان میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے، صوبے میں گورنر راج نافذ کر کے حالات کی بہتری کیلیے موثر اقدامات اٹھائے جائیں۔

یہ بات انھوں نے کوئٹہ میں یکجہتی کونسل کے زیراہتمام خودکش حملے میں جاں بحق افراد کی نعشوں کیساتھ دھرنا دینے والوں اور ہزارہ ڈیموکریٹک کے چیئرمین عبدالخالق ہزارہ اور کارکنوں کی جانب سے لگائے گئے بھوک ہڑتالی کیمپ میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر جاوید ہاشمی، جہانگیر ترین، اسحاق خاکوانی، فوزیہ قصوری، سردار روح اللہ خلجی اور دیگر بھی موجود تھے۔ انھوں نے مزید کہا کہ بلوچستان حکومت کو دہشتگردی کے واقعات پر مستعفی ہو جانا چاہیے تھا اور یہ وہ مطالبہ ہے جو پوری قوم کر رہی ہے۔

انھوں نے ہزارہ برادری سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ہم اسوقت تک جدوجہد کرینگے جب تک آپکو انصاف نہیں ملتا۔ عمران خان نے کہا کہ دھماکے کرنیوالے نہ تو انسان ہیں اور نہ ہی مسلمان، ملک اور خصوصاً بلوچستان میں منصوبے کے تحت عالمی طاقتیں سنی شیعہ کو لڑا کر پاکستان کو عدم استحکام کا شکار بنانا چاہتی ہیں جنہیں ہمیں متحد ہو کر ناکام بنانا ہو گا۔ انھوں نے کہا طاہر القادری کا کہنا درست ہے کہ نگران حکومت غیر جانبدار اور انتخابات شفاف ہونے چاہئیں اور اگر ایسا نہ ہوا تو تباہی مچ جائیگی۔

10

انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے ہوتے بلوچستان میں حالات بہتر نہیں ہو سکتے، صوبے میں فوری گورنر راج نافذ کر کے عوام کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ اگرالیکشن کمیشن نے دھاندلی نہ روکی تو ملک میں انتشار پھیل جائیگا۔ تحریک انصاف اقتدار میں آ کر پولیس کو غیرجانبدار بنا کر صرف 90دن میں دہشت گردی کا خاتمہ کر دیگی، کراچی میں دہشتگردوں کے پیچھے بڑے بڑے سیاستدان بیٹھے ہیں۔

دریں اثناعمران خان نے پارٹی رہنما میاں عثمان عباسی سے گفتگو میں کہا کہ نواز لیگ اور پیپلزپارٹی آپس میں خاموش سمجھوتہ کر چکے ہیں، تحریک انصاف کا گراف گرنے کی خبریں وہ پھیلا رہے ہیں جو پاکستان کو لوٹ رہے ہیں، زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں