جنوبی افریقہ کے دورے کیلئے قومی ٹیم کے حوصلے بلند ہیں محمد حفیظ

جنوبی افریقہ کی ٹیم بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں بہترین ہے لیکن ہماری ٹیم بھی کسی سے کم نہیں، محمد حفیظ

بھارت کو اس کی سر زمین پر ون ڈے سیریز ہرانے کے بعد قومی ٹیم کے حوصلے بلند ہیں۔،محمد حفیظ فوٹو: رائٹرز

ٹی ٹوئنٹی کے کپتان محمد حفیظ نے کہا ہے کہ قومی ٹیم دنیا کی نمبر ون ٹیسٹ کرکٹ ٹيم جنوبی افریقہ سے مد مقابل ہونے کے لئے پوری طرح سے تیار ہے جس کے لئے کھلاڑیوں کے حوصلے انتہائی بلند ہیں۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 3 ٹیسٹ پر مبنی سیریز کا آغاز یکم فروری سے ہو گا اور پہلا ٹیسٹ میچ جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا، پاکستانی ٹیم جنوبی افریقہ میں 2 ٹی ٹوئنٹی اور 5 ون ڈے میچز بھی کھیلے گی۔ کپتان حفیظ نے کہا کہ جنوبی افریقہ سے کھیلنا ایک بڑا چیلنج ہے مگر بھارت کو اس کی سر زمین پر ون ڈے سیریز ہرانے کے بعد پاکستانی ٹیم کے حوصلے بلند ہیں۔


محمد حفیظ نے کہا کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں بہترین ہے لیکن ہماری ٹیم بھی کسی سے کم نہیں، پاکستانی ٹیم کے پاس بھی بہترین پیسر اور اسپنرز موجود ہیں۔ جنید خان اپنی عمدہ پرفارمنس سے ایک ابھرتے ہوئے بولر کے روپ میں سامنے آ رہے ہیں جبکہ عمر گل کافی تجربہ کار ہیں، محمد عرفان بھی اچھی کارکردگی کے ساتھ نمایاں ہیں جن سے اچھی امیدیں وابستہ کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا اسپن سائیڈ سعید اجمل اور عبدالرحمان کے ساتھ کافی مضبوط ہے۔

حفیظ نے کہا کہ ہمیں ٹیسٹ کرکٹ پر مزید توجہ دینی ہو گی کیونکہ ٹیسٹ کرکٹ اچھے کھلاڑی پیدا کرتا ہے اور ہماری ٹیم کو ٹیسٹ کرکٹ سے اظہر علی اور اسد شفیق کی صورت میں بہترین کھلاڑی ملے ہیں۔

Recommended Stories

Load Next Story