85 ویں آسکر ایوارڈز

85 سالہ Emmanuelle Riva اور 9 سالہ Quvenzhané Wallis نے آسکر کی تاریخ میں نئے باب کا اضافہ کیا ہے.


Nadeem Subhan January 14, 2013
85 ویں آسکر ایوارڈز کے امیدواروں میں شامل بیشتر نام وہی ہیں، جن کی توقع کی جارہی تھی. فوٹو : فائل

جہان فلم کے معتبر ترین اعزاز، آسکر ایوارڈ کی سالانہ تقریب 24 فروری کو ہالی وڈ کے ڈولبی تھیئٹر میں منعقد ہوگی۔

اکیڈمی آف موشن پکچرز آرٹس اینڈ سائنسز نے 85 ویں آسکر ایوارڈز کے لیے نام زدگیوں کا اعلان کردیا ہے۔ آسکر ایوارڈز کے امیدواروں میں شامل بیشتر نام وہی ہیں، جن کی توقع کی جارہی تھی۔ تاہم اس بار 85 سالہ Emmanuelle Riva اور 9 سالہ Quvenzhané Wallis نے آسکر کی تاریخ میں نئے باب کا اضافہ کیا ہے۔ یہ دونوں بالترتیب آسکر کی تاریخ کی معمر ترین اور کم عمر ترین اداکارائیں قرار پائی ہیں۔ ذیل کی سطور میں ہم 85 ویں آسکر ایوارڈز کے حصول کی دوڑ میں شامل ہونے والے خوش نصیبوں کا مختصر جائزہ پیش کررہے ہیں۔

بہترین فلم
٭ Lincoln
شہرۂ آفاق ہدایت کار اسٹیون اسپیل برگ کی یہ فلم امریکی مصنف ڈورس گُڈون کی تحریر کردہ سوانح حیات Team of Rivals: The Political Genius of Abraham Lincoln کے ایک حصے پر مبنی ہے۔ جیسے کہ نام ہی سے ظاہر ہے یہ تیرھویں امریکی صدر ابراہام لنکن کی سوانح عمری ہے۔

Lincoln میں امریکی صدر کی آئین میں تیرھویں ترمیم لانے کے لیے کی گئی کوششوں کو موضوع بنایا گیا ہے۔ ابراہام لنکن کا کردار اکیڈمی ایوارڈ یافتہ برطانوی اداکار ڈینیئل لیوس نے ادا کیا ہے۔ Lincoln کو مجموعی طور پر آسکر کی بارہ کیٹیگریز میں نام زد کیا گیا ہے۔

٭Life of Pi
بہترین فلم کے آسکر کی دوڑ میں یہ فلم Lincoln کی سب سے مضبوط حریف سمجھی جارہی ہے۔ Life of Pi کینیڈین ناول نگار Yann Martel کے اسی نام کے بُکر انعام یافتہ ناول پر مبنی ہے۔ اس فلم میں ایک سولہ سالہ بھارتی لڑکے، پائی کی داستان جدوجہد دکھائی گئی ہے جو بحری جہاز کے حادثے میں اپنے خاندان سے محروم ہوجاتا ہے۔ پائی کا رول سورج شرما نے ادا کیا ہے۔ اس فلم میں عرفان خان اور تبو نے بھی اہم کردار ادا کیے ہیں۔ ڈائریکٹر اینگ لی کی یہ فلم آسکر کی گیارہ مختلف کیٹیگریز میں نام زدکی گئی ہے۔

٭Les Misérables
ڈائریکٹر ٹام ہوپر کی یہ فلم آٹھ نام زدگیاں حاصل کرنے میں کام یاب رہی ہے۔ یہ فلم اسی نام سے بنائے گئے ایک میوزیکل ڈرامے سے متاثر ہے، جب کہ وہ ڈرما فرانسیسی ناول نگار وکٹر ہیوگو کے ناول پر مبنی تھا۔ فلم کے نمایاں اداکاروں میں ہیو جیکمین، رسل کرو، این ہیتھوے، ایمینڈا سیفرائڈ اور ساشا بیرن کوہن شامل ہیں۔

٭Silver Linings Playbook
ڈائریکٹر ڈیوڈ او رسل کی اس رومانوی مزاحیہ فلم کی صورت میں بھی ایک ناول کو سیلولائیڈ پر منتقل کیا گیا ہے۔ اس فلم میں بریڈلے کوپر، جینیفر لارنس، رابرٹ ڈی نیرو اور بھارتی اداکار انوپم کھیر نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔ اس فلم کو آسکر مختلف کیٹیگریز کے نام زدگان میں جگہ ملی ہے۔

٭ Argo
یہ ایک پُرتجسس اور سنسنی خیز فلم ہے۔ Argo ، سی آئی اے کے اہل کار کی 1979ء میں ایران سے چھے امریکی سفارت کاروں کے فرار کے لیے کی جانے والی کوششوں کے پس منظر میں بنائی گئی ہے۔ Argoمیں مرکزی رول بین ایفلیک نے ادا کیا ہے جب کہ اس فلم کے ہدایت کار بھی وہی ہیں۔ یہ فلم اکیڈمی ایوارڈ کی سات کیٹیگریز میں نام زدکی گئی ہے۔ گولڈن گلوب ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد یہ فلم آسکر کی بھی مضبوط امیدوار بن گئی ہے۔

٭Django Unchained
اکیڈمی ایوارڈ یافتہ ڈائریکٹر Quentin Tarantino کی اس فلم میں انیسویں صدی کے وسطی دور کا مغربی امریکا دکھایا گیا ہے۔ اس فلم میں ایک آزاد غلام کی اپنی بیوی کو ایک ظالم شخص کے پنجے سے چھڑانے کی جدوجہد پیش کی گئی ہے۔ جیمی فوکس، لیونارڈو ڈی کیپریو،کرسٹوفر والٹس اور کیری واشنگٹن اس فلم کے مرکزی اداکار ہیں۔ اس فلم کو اکیڈمی ایوارڈ کی پانچ کیٹیگریز میں شامل کیا گیا ہے۔

٭ Amour
یہ فرانسیسی زبان کی فلم ہے۔ اس فلم میں ایک عمررسیدہ جوڑے، این اور جارجز کی داستان پیش کی گئی ہے، جو دونوں ہی موسیقی کے استاد رہ چکے ہیں۔ این پر فالج کا حملہ ہوتے ہی اس جوڑے کی مشکلات کا آغاز ہوجاتا ہے۔Amour کی ہدایات مائیکل ہینیکے نے دی ہیں جب کہ مرکزی کردار جین لوئس اور ایمانوئلے ریوا نے ادا کیے ہیں۔ Amour کی پانچ کیٹیگریز میں نام زدگی عمل میں آئی ہے۔

٭Zero Dark Thirty
اس فلم کی ڈائریکٹر کیتھرین بگلو ہیں جنھوں نے 2009ء میں The Hurt Lockerکی شان دار ہدایت کاری پر آسکر ایوارڈ حاصل کیا تھا۔ ان کی یہ فلم اسامہ بن لادن کو ہلاک کرنے کی امریکی کوششوں کے پس منظر میں بنائی گئی ہے۔ جیسیکا چیسٹین، جیسن کلارک اور جوئل ایجرٹن نے اس فلم میں مرکزی رول کیے ہیں۔ اس فلم کو پانچ مختلف کیٹیگریز کے اکیڈمی ایوارڈ کے لیے نام زد کیا گیا ہے۔

٭Beasts of the Southern Wild
نوجوان ڈائریکٹر Benh Zeitlin کی یہ فلم افسانوی کہانی پر مبنی ہے۔ نو سالہ چائلڈ ایکٹریس Quvenzhané Wallis اس فلم کی مرکزی اداکارہ ہے۔ Beasts of the Southern Wild کو آسکر ایوارڈ کی چار کیٹیگریز میں شامل کیا گیا ہے۔

بہترین ہدایت کار
٭Steven Spielberg
شہرۂ آفاق ہدایت کار دو بار اکیڈمی ایوارڈ حاصل کرچکے ہیں۔ 1993ء میں انھیںSchindler's List اور پھر 1998ء میں Saving Private Ryan کی شان دار ہدایت کاری پر انھیں جہان فلم کا یہ اعلیٰ ترین اعزاز دیا گیا تھا۔ اس بار Lincoln نے اسٹیون آسکر ایوارڈ کی دوڑ میں شامل کیا ہے اور انھیں اس کیٹیگری کے ایوارڈ کا سب سے مضبوط امیدوار سمجھا جارہا ہے۔

٭Ang Lee
تائیوانی نژاد امریکی ہدایت کار ایک بار پھر آسکر کا مجسمہ تھامنے کے لیے پُرامید ہیں۔ انھیں یہ موقع ایڈوینچر فلم Life of Pi نے فراہم کیا ہے۔ اس سے قبل 2005ء میں انھوں نےBrokeback Mountain میں زبردست ہدایت کارانہ صلاحیتوں کے مظاہرے پر یہ ایوارڈ حاصل کیا تھا۔ فلمی مبصرین اسٹیون کے بعد انھیں بہترین ہدایت کار کے آسکر کا مضبوط ترین امیدوار قرار دے رہے ہیں۔

٭Benh Zeitlin
تیس سالہ ہدایت کار کے کیریئر کی پہلی فلم Beasts of the Southern Wild کو عالمی سطح پر بے حد پذیرائی ملی ہے۔ فلم سازی کو سمجھنے والے دماغ اس کی صلاحیتوں پر حیران رہ گئے ہیں۔ کئی ایوارڈزحاصل کرنے والی اس فلم نے امریکی ہدایت کار کو آسکر کی دوڑ میں بھی شامل کردیا ہے۔ اور ماہرین کا کہنا ہے کہ بین ' اپ سیٹ ' کرسکتا ہے۔

٭Michael Haneke
ستّر سالہ ہدایت کار منفرد موضوعات پر مبنی فلموں کی ہدایت کاری کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں۔ Amour بھی ایک ایسی ہی فلم ہے جس میں ایک عمررسیدہ جوڑے کو درپیش ہونے والے مسائل کا احاطہ کیا گیا ہے۔ یہی فلم مائیکل کی، آسکر کے امیدواروں میں شمولیت کا سبب بنی ہے۔

٭David O. Russell
ڈیوڈ کی مزاحیہ رومانوی فلم Silver Linings Playbook کو فلم بینوں سے بے پناہ داد و تحسین ملی ہے۔ یہ پہلا موقع نہیں کہ ان کی فلم نے ناظرین کی توجہ حاصل کی ہو۔ Silver Linings Playbook کی بہترین ہدایت کاری نے انھیں آسکر کی دوڑ میں شامل کردیا ہے۔ اس کیٹیگری کے آسکر کے لیے ڈیوڈ کی یہ دوسری نام زدگی ہے۔

بہترین اداکار
٭Bradley Cooper
بریڈلے کا شمار ہالی وڈ کے وجیہہ اور باصلاحیت اداکاروں میں ہوتا ہے۔ اس نے سبھی فلموں میں شان دار اداکاری کی ہے۔ Silver Linings Playbookمیں بھی کی صلاحیتیں عروج پر رہی ہیں۔ اس مزاحیہ رومانوی فلم میں بریڈلے نے دماغی مرض میں مبتلا ہیرو، پیٹ سولیٹانو کا رول متاثر کن انداز سے ادا کیا ہے۔ اسی کردار میں بہترین پرفارمینس کی بنیاد پر اسے آسکر کے امیدواروں میں شامل کیا گیا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب بریڈلے آسکر کی دوڑ میں شامل ہوا ہے۔

٭Daniel Day-Lewis
ڈینیئل ڈے لیوس ہالی وڈ کے باصلاحیت ترین اداکاروں میں سے ایک ہے۔ وہ منتخب فلموں میں کام کرنے کے لیے بھی مشہور ہے۔ Lincoln میں اس نے امریکی صدر ابراہام لنکن کا رول ادا کیا ہے۔ اگر چوبیس فروری کو اس کا نام اس کیٹیگری کے فاتح کے طور پر پکارا جاتا ہے تو یہ ڈینیئل کے کیریئر میں تیسرا موقع ہوگا جب وہ آسکر کا مجسمہ تھامے گا۔ اس سے قبل وہ 1989ء (My Left Foot ) اور 2007ء ( There Will Be Blood ) میں آسکر ایوارڈ حاصل کرچکا ہے۔

٭Hugh Jackman
ہیو جیکمین کی آسکر ایوارڈ کے لیے یہ اولین نام زدگی ہے۔ آسٹریلوی اداکار X-Menفلم سیریز کے لیے شہرت رکھتا ہے لیکن آسکر کی دوڑ میں اس کی شمولیت کا باعث میوزیکل ڈراما فلم Les Misérables بنی ہے۔ اس فلم میں ہیو نے ایک فرانسیسی قیدی Jean Valjean کا کردار نبھایا ہے جو بعدازاں کارخانہ دار اور پھر میئر بن جاتا ہے۔ بہترین اداکار کے گولڈن گلوب ایوارڈ کے حصول کی دوڑ میں اپنے حریفوں کو شکست دینے کے بعد ہیو آسکر کا بھی مضبوط امیدوار بن گیا ہے۔

٭Joaquin Phoenix
ڈائریکٹر پال تھامس اینڈرسن کی فلم The Master جنگ عظیم دوم میں حصہ لینے والے ایک فوجی کی داستان بیان کرتی ہے، جسے جنگ کے بعد اپنی سوسائٹی کا حصہ بننے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ Joaquin نے اسی فوجی، فریڈی کوئل کے کردار میں بہترین پرفارمینس دی ہے۔ Joaquin کی اکیڈمی ایوارڈ کے لیے مجموعی طور پر یہ تیسری نام زدگی ہے۔

٭Denzel Washington
ڈینزل 1989ء میں بہترین معاون اداکار ( Glory ) اور 2001 ء میں بہترین اداکار (Training Day) کا آسکر ایوارڈ حاصل کرچکا ہے۔ کردار میں ڈوب جانے کی خوبی نے ڈینزل کو ایک بار پھر ڈینزل کو آسکر کا امیدوار بنادیا ہے۔ اسے '' بیک ٹو دی فیوچر سیریز'' کے ڈائریکٹر رابرٹ زیمیکس کی فلم Flight میں شان دار اداکاری پر آسکر کے امیدواروں میں شامل کیا گیا ہے۔

بہترین اداکارہ
٭Jessica Chastain
ہدایت کارہ کیتھرین بگلو کی فلم Zero Dark Thirty میں، جو اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے ضمن میں سی آئی اے کی کوششوں کے پس منظر میں بنائی گئی ہے، جیسیکا نے امریکی ایجنسی کی افسر مایا کا کردار ادا کیا ہے۔ 2011ء میں، سات فلموں میں جیسیکا کی پرفارمینس مختلف ایوارڈز کے لیے اس کی نام زدگی کا سبب بنی جن میں اکیڈمی ایوارڈ بھی شامل تھا۔ اکیڈمی ایوارڈ کے لیے جیسیکا کی یہ دوسری نام زدگی ہے۔ گولڈن گلوب ایوارڈ حاصل کرلینے کے بعد وہ اکیڈمی ایوارڈ کی بھی سب سے مضبوط امیدوار بن گئی ہے۔

٭Jennifer Lawrence
مختصر کیریئر میں نوجوان اداکارہ شہرت اور مقبولیت کی ان بلندیوں پر پہنچ گئی ہے جہاں تک رسائی ہر اداکارہ کا خواب ہوتی ہے۔ بائیس سالہ جینیفر کو دوسری بار آسکر ایوارڈ جیتنے کا موقع ملا ہے، اور یہ موقع اسے Silver Linings Playbook میں بریڈلے کوپر کے مقابل شان دار اداکاری نے فراہم کیا ہے۔ اس سے قبل 2010ء میں Winter's Boneمیں یادگار اداکاری پر اس کی اکیڈمی ایوارڈ کے لیے نام زدگی عمل میں آئی تھی۔

٭Emmanuelle Riva
فرانسیسی زبان کی فلم Amour میں پچاسی سالہ اداکارہ کی پرفارمینس دیکھنے سے تعلق رکھتی ہے۔ فالج کی مریضہ کے کردار میں Emmanuelle Riva نے متاثرکن اداکاری کا مظاہرہ کیا ہے۔ بہترین اداکاری پر انھیں دادوتحسین کے ساتھ ساتھ آسکر ایوارڈ کی نام زدگی بھی ملی ہے۔ Emmanuelle بہترین اداکارہ کے آسکر ایوارڈ کے لیے نام زد ہونے والی معمر ترین اداکارہ ہیں۔

٭Quvenzhané Wallis
نوآموز ڈائریکٹر Benh Zeitlinکے کیریئرکی پہلی فلم اس چائلڈ ایکٹریس کی بھی اولین فلم ہے۔ مرکزی اداکارہ کی حیثیت سے والس کی غیرمعمولی اداکاری کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اب تک اسے بہترین اداکارہ کے کئی ایوارڈز دیے جاچکے ہیں اور کئی ایوارڈ کے لیے اس کی نام زدگی عمل میں آئی ہے جن میں آسکر بھی شامل ہے۔ نو سالہ اس کیٹیگری کے اکیڈمی ایوارڈ کے لیے نام زد ہونے والی کم عمر ترین اداکارہ ہے۔

٭Naomi Watts
برطانوی نژاد آسٹریلوی اداکارہ کی آسکر کے لیے یہ دوسری نام زدگی ہے۔ اس سے قبل اسے2004ء میںThe Ring میں خوب صورت اداکاری پر اکیڈمی ایوارڈ کی امیدواروں میں شامل کیا گیا تھا۔ ہسپانوی ہدایت کار جوآن انتونیو بایونا کی انگریزی زبان کی فلمThe Impossible میں 2004ء میں آنے والے سونامی کے دوران مصائب میں گھرجانے والے ایک ہسپانوی خاندان کی رکن کا کردار ادا کیا ہے۔

بہترین معاون اداکار
٭Alan Arkin
ایلن ان چھے اداکاروں میں سے ایک ہے جن کی پہلی ہی فلم نے انھیں اکیڈمی ایوارڈ کا امیدوار بنادیا تھا۔ آسکر کے لیے مجموعی طور پر ایلن کی یہ چوتھی نام زدگی ہے۔ 2006ء میں ایلن نے Little Miss Sunshine میں پُراثر اداکاری پر بہترین معاون اداکار کا آسکر ایوارڈ حاصل کیا تھا، اور اس بار بھی وہ یہ ایوارڈ اپنے نام کرنے کے لیے پُرامید ہے۔ اس بار Argo میں ایلن کی زبردست اداکاری نے اسے آسکر کے حصول کی دوڑ میں شامل کیا ہے۔ اس فلم میں ایلن کو فلم پروڈیوسر لیسٹر سیگل کے کردار میں منتخب کیا گیا تھا۔

٭Robert De Niro
شہرۂ آفاق اداکار کی آسکرکے لیے بہ طور مجموعی یہ ساتویں نام زدگی ہے۔ رابرٹ ایک بار بہترین معاون اداکار اور ایک بار بہترین اداکار کا آسکر حاصل کرچکے ہیں۔ آسکر جیتنے کا تازہ ترین موقع انھیں Silver Linings Playbook نے فراہم کیا ہے۔ اس فلم میں رابرٹ نے ہیروئن کے باپ کا رول انتہائی خوبی اور مہارت کے ساتھ ادا کیا ہے۔

٭Philip Seymour Hoffman
اکیڈمی ایوارڈ یافتہ اداکار کو پال تھامس اینڈرسن نے اپنی فلم The Masterمیں ایک فلسفیانہ تحریک کے قائد، لانسسٹر ڈوڈ کے کردار کے لیے منتخب کیا تھا۔ اس کردار میں فلپ نے پال تھامس کی توقعات سے بڑھ کر پرفارمینس دی اور اکیڈمی ایوارڈ کی نام زدگی کے حق دار ٹھہرے۔
٭Tommy Lee Jones
یہ چوتھا موقع ہے جب اکیڈمی ایوارڈ کے لیے ٹامی کی نام زدگی عمل میں آئی ہے۔ وہ 1993ء میں بہترین معاون اداکار کا آسکر بھی حاصل کرچکے ہیں۔ اسٹیون اسپیل برگ کی فلم Lincoln میں انھوں نے امریکی ایوان نمائندگان میں قدامت پسند ری پبلکن لیڈر Thaddeus Stevens[ کا کردار ادا کیا ہے۔ اس کردار میں بہترین اداکاری پر ہی ان کا نام آسکر کے امیدواروں میں شامل کیا گیا ہے۔

٭Christoph Waltz
کرسٹوف ہدایت کار Quentin Tarantino کی فلموں میں اداکاری کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں۔ آسکر کی دوڑ میں ان کی شمولیت کا سبب بھی کوئنٹن کی فلم Django Unchainedہے۔ اس فلم میں کرسٹوف نے ایک جرمن دندان ساز، ڈاکٹر کنگ شالٹز کا کردار ادا کیا ہے۔ کرسٹوف اس سے قبل 2009ء میں Inglourious Basterds خوب صورت اداکاری پر اسی کیٹیگری کا آسکر حاصل کرچکے ہیں۔

بہترین معاون اداکارہ
٭Amy Adams
ڈائریکٹر پال تھامس اینڈرسن کی فلمThe Masterمیں تجربہ کار اداکارہ نے فلسفیانہ تحریک کے قائد کی بیوی، پیگی ڈوڈ کا رول کیا ہے۔ پیگی کے رول میں بہترین اداکاری نے اسے آسکر جیتنے کا موقع دیا ہے۔ آسکر کے لیے ایمی ایڈمز کی یہ چوتھی نام زدگی ہے۔

٭Sally Field
عمررسیدہ سیلی نے اپنے وسیع تجربے کو کام میں لاتے ہوئے Lincoln میں امریکی خاتون اول، میری ٹوڈ لنکن کا کردار بے انتہا خوبی سے نبھایا ہے۔ طویل کیریئر میں وہ دو بار بہترین اداکارہ کا اکیڈمی ایوارڈ جیت چکی ہیں اور اس بار بہترین معاون اداکارہ کا اسکر اپنے نام کرنے کے لیے پُرامید ہیں۔

٭Anne Hathaway
ہر فلم کی ریلیز کے بعد متعدد ایوارڈز کے لیے نام زدگیاں اور کئی کئی ایوارڈز کا حصول تیس سالہ اداکارہ کے باصلاحیت ہونے کا واضح ثبوت ہے۔ اکیڈمی ایوارڈ کے لیے این کی یہ دوسری نام زدگی ہے۔ 2013ء کے آسکر ایوارڈ میں این کی شمولیت کا سبب Les Misérables میں ان کی بہترین اداکاری ہے۔ اس فلم میں این نے Fantine کا کردار ادا کیا ہے۔

٭Helen Hunt
تجربہ کار اداکارہ طویل عرصے کے بعد اکیڈمی ایوارڈ کی امیدواروں میں شامل ہوئی ہیں۔ 1997ء میں انھوں نے As Good as It Gets میں مرکزی اداکارہ کی حیثیت سے شان دار اداکاری پر بہترین اداکارہ کا اکیڈمی ایوارڈ اپنے نام کیا تھا۔ The Sessions میں یادگار اداکاری نے انھیں اب بہترین معاون اداکارہ کا آسکر جیتنے کا موقع دیا ہے۔

٭Jacki Weaver
پینسٹھ سالہ آسٹریلوی اداکارہ Silver Linings Playbook میں Dolores Solitanoکا کردار انتہائی مہارت سے ادا کرنے پر آسکر ایوارڈ کے لیے نام زدگی کی حق دار ٹھہری ہیں۔ اس سے پہلے 2011ء میں انھیں Animal Kingdom میں متاثرکن اداکاری پر اسی کیٹگری کے آسکر کی امیدواروں میں شامل کیا گیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔