صدر کو موجودہ اسمبلیوں سے دوبارہ منتخب نہیں ہونے دینگےمنور حسن

زرداری ملک و قوم پر رحم کریں اور فوری نئے انتخابات کا اعلان کریں، امیر جماعت اسلامی

زرداری ملک و قوم پر رحم کریں اور فوری نئے انتخابات کا اعلان کریں، امیر جماعت اسلامی۔ فوٹو ایکسپریس

امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے کہا ہے کہ موجودہ اسمبلیوں سے صدر زرداری کا آئندہ پانچ سال کے لیے انتخاب قبول نہیں کیا جائے گا، خدانخواستہ موجودہ حکمران دوبارہ اقتدار میں آ گئے تو ملک انارکی اور بے یقینی کی صورتحال سے دوچار ہو جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جماعت اسلامی حلقہ 149 گلشن راوی میں افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ افطار پارٹی سے ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، امیر جماعت اسلامی این اے 121 محمد انور گوندل اور گروپ لیڈر پی پی 149 شاہد نوید ملک نے بھی خطاب کیا۔ منور حسن نے کہاکہ صدر زرداری کے موجودہ اسمبلیوں سے دوبارہ صدر منتخب ہونے کی خبریں گردش کر رہی ہیں، صدر زرداری اور حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں کے درمیان اس بارے میںسازشیں ہو رہی ہیں۔


ملک کو لوٹنے اور اس کی آزادی و خود مختاری اور قومی وقار کو امریکا کے آگے گروی رکھنے والے اتحادی حکمرانوں کی اس سازش کو عوام ناکام بنادیں گے اور اسے کسی صورت قبول نہیں کریں گے، زرداری صاحب ملک و قوم پر رحم کریں اور ملک میں فوری نئے انتخابات کرانے کا اعلان کریں۔ منورحسن نے کہا کہ ایک نجی ٹی وی چینل پر گزشتہ رات دکھائی جانے والی فلم میں پیغمبران اسلام حضرت ہارون ؑ اور حضرت موسیٰ علیہ السلام کے روپ میں کرداروں کو چلتا پھرتا دکھایا گیا ہے، یہ قابل مذمت اور غیر اسلامی فعل ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ قومی خزانے سے ہر سال 70 سے 100 ارب روپے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت پیپلز پارٹی کے جیالوں میں تقسیم کیے جارہے ہیں، عوام کے پیسے سے پیپلز پارٹی آئندہ انتخابات کے لیے ووٹ خرید رہی ہے۔اوکاڑہ پریس کلب کے صحافیوں سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی کوشش ہے کہ سپریم کورٹ کو فارغ کردے مگر ''ہزاروں خواہشیں ایسی کہ ہر خواہش پہ دم نکلے''، سپریم کورٹ کو صدارتی ترجمان کے بیان پر ایکشن لینا چاہیے۔

Recommended Stories

Load Next Story