نوازشریف نے پاناما کے ڈر سے زرداری سے ڈیل کی ہے عمران خان

ڈاکٹر عاصم کی ضمانت اور شرجیل میمن کی واپسی سمیت ایان کی روانگی بھی ڈیل ہی کا نتیجہ ہے، چیرمین تحریک انصاف


ویب ڈیسک March 29, 2017
ڈاکٹر عاصم کی ضمانت اور شرجیل میمن کی واپسی سمیت ایان کی روانگی بھی ڈیل ہی کا نتیجہ ہے، چیرمین تحریک انصاف، فوٹو؛ فائل

پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ نوازشریف نے پاناما کیس سے ڈر کر آصف زرداری سے ڈیل کی ہے جب کہ ڈاکٹر عاصم کی ضمانت اور شرجیل میمن کی واپسی سمیت ایان کی روانگی بھی ڈیل ہی کا نتیجہ ہے۔



اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ڈاکٹرعاصم حسین کی ضمانت ہوگئی ہے جس پرخاموش نہیں رہ سکتا کیوں کہ ان پر480 ارب روپے کی کرپشن ہے، یہ پیسا عوام کا ہے شریف خاندان کا نہیں، اس پر ہم چپ نہیں رہیں گے اور ہمارے خاموش رہنے سے ایسا لگے گا کہ ہم بھی اس میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے پاناما کیس کے ڈر سے آصف زرداری سے ڈیل کی ہے، جمہوریت بچانے کے لیے زرداری اور نواز اکٹھے ہوگئے ہیں، زرداری نے بیان میں کہا آر او الیکشن کی وجہ سے (ن) لیگ جیتی، جب میں نے یہ کہا تو اس وقت دونوں جمہوریت بچا رہے تھے، یہ سب ڈراما ہورہا ہے، نوازشریف کو جب بھی مسئلہ آتا ہے دونوں اکٹھے ہوجاتے ہیں، یہ دونوں نوراکشتی کرتے ہیں اور ایک دوسرے کو نقصان نہیں ہونے دیں گے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :سعد رفیق کو عوام سے زیادہ مجرم وزیراعظم کی لوٹ مار بچانے کی فکر ہے



عمران خان نے کہا کہ آصف زرداری اور نوازشریف کے مفادات ایک ہیں، ڈیل کے تحت شرجیل میمن واپس پاکستان آئے، ڈیل کے تحت ڈاکٹر عاصم حسین کو رہا کیا جارہا ہے اور ڈیل کے تحت ہی ایان علی کو بیرون ملک جانے دیا گیا جب کہ چوہدری نثار نے 12 ستمبر2016 کی پریس کانفرنس میں اس ڈیل کا ذکرکیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری اور نواز شریف دونوں پر منی لانڈرنگ کے الزامات ہیں، نیب چیئرمین کیسے آصف زرداری اور نوازشریف کو پکڑسکتا ہے کیوں کہ دنوں نے مل کر نیب کا چیرمین لگایا ہے، واضح ہوگیا کہ کرپٹ وزیراعظم تمام اداروں کو کرپٹ کرتا ہے۔ چیرمین پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ قوم پاناما کیس کے فیصلے کا انتظار کرکے تھک گئی ہے، دعا کرتے ہیں جلدی سے پاناما کیس کا فیصلہ آئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں