برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی پر برطانوی سفیر نے خط کونسل میں جمع کرادیا

برطانیہ کی جانب سے علیحدگی کے خط کی کاپیاں یورپی یونین کے دیگر 27 ممبرز ممالک کو بھی ارسال کردی گئی ہیں


ویب ڈیسک March 29, 2017
مارچ 2019 میں برطانیہ باضابطہ طور پر یورپی یونین سے الگ ہوجائے گا۔۔ فوٹو: ٹوئٹر

BAHAWALPUR: برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کا باقاعدہ آغاز ہوگیا اور یورپی یورنین کے لئے برطانوی سفیر ٹم بیرو نے اس حوالے سے تحریری خط یورپین کونسل میں جمع کرادیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وزیراعظم تھریسامے کی جانب سے یورپی یونین سے علیحدگی کے لئے آرٹیکل 50 پر دستخط شدہ تحریری خط برطانوی سفیر ٹم بیرو نے یورپین کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک کے حوالے کردیا جس کے بعد برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کا باقاعدہ طور پر عملدرآمد شروع ہوگیا۔ برطانیہ کی جانب سے علیحدگی کے خط کی کاپیاں یورپی یونین کے دیگر 27 ممبرز ممالک کو بھی ارسال کردی گئی ہیں۔

یورپین کونسل تک برطانیہ کا علیحدگی پر مبنی خط موصول ہونے کے بعد مئی 2017 میں یورپی کمیشن مذاکرات کی گائیڈ لائن شائع کرے گا جس میں مستقبل میں یورپی یونین اور برطانیہ کے درمیان تجارتی معاہدوں کے مستقبل کا بھی ذکر ہوگا جس کے بعد مئی اور جون 2017 میں باقاعدہ طور پر برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان مذاکرات ہوں گے۔

رواں سال موسم خزاں میں توقع ہے کہ برطانوی حکومت یورپی یونین چھوڑنے کے لئے قانون وضع کرے گا اور تمام حالیہ یورپی یونین کے قوانین کو برطانوی قوانین میں ضم کردیا جائے گا اور امید ہے کہ اکتوبر 2018 تک یورپی یونین اور برطانیہ کے درمیان علیحدگی سے متعلق مذاکرات مکمل ہوجائیں گے۔ اکتوبر 2018 اور مارچ 2019 کے درمیان پارلیمان کے ایوان، یورپی کونسل اور یورپی پارلیمان معاہدے پر ووٹنگ کریں گی اور مارچ 2019 میں برطانیہ باضابطہ طور پر یورپی یونین سے الگ ہوجائے گا۔

واضح رہے کہ برطانوی عوام نے جون 2016 میں یورپی یونین سے علیحدگی کے حق میں ووٹ دیا تھا جس کے بعد وزیراعظم تھریسامے نے اعلان کیا تھا کہ اس حوالے سے باقاعدہ طور پر مارچ 2017 میں آغاز کیا جائے گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔