اداکارہ عالیہ بھٹ گھریلو عورت کا کردار نبھانے کیلئے تیار

گھریلو عورت کی سرگرمیوں کو نوٹ کرکے اپنے کردار کو پرفکیٹ بنانے کے لیے کوشاں ہوں، عالیہ بھٹ


Showbiz Desk January 15, 2013
سنجیدہ کردار نبھانے جارہی ہوں،عالیہ بھٹ۔ فوٹو : فائل

بالی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ رواں سال ریلیز ہونے والی دو نئی فلموں میں جلوہ گرہونگی ۔

اداکارہ عالیہ بھٹ نے فلم ''اسٹوڈنٹس آف دی ایئر''سے فنی سفر کا خوبصورت آغازکرکے شائقین کی توجہ حاصل کرلی ہے اداکارہ کی نئی آنیوالی فلمیں ''ہائی وے ''اور ''2سیٹسیس ''2013میں ہی ریلیز کی جائیں گی ۔یہ فلمیں تکمیل کے مراحل میں داخل ہوچکی ہیں ۔ 19سالہ بالی وڈ اداکارہ کا کہنا ہے کہ ہندی فلموں کے ساتھ سائوتھ کے لیے بھی کام کررہی ہوں۔

انھوں نے کہا کہ نئی فلموں میں مختلف کردار نبھائوں گی۔ فلم میں شادی شدہ عورت کا کردار نبھانے کے لیے مشاہدات کرتی رہی ہوں اور گھریلو عورت کی سرگرمیوں کو نوٹ کرکے اپنے کردار کو پرفکیٹ بنانے کے لیے کوشاں ہوں ۔اداکارہ نے بتایا کہ نئی فلموں میں اب سنجیدہ کردار نبھانے جارہی ہوں اور ان کرداروں کے لیے محنت اور مطالعہ کو ضروری سمجھتی ہوں۔ اس لیے میں نے اپنے کام پر زیادہ توجہ مرکوز کررکھی ہے ۔فلم کے کردار کے لیے اپنا لب ولہجہ بھی ویسا ہی بنانے کے لیے حقیقی کرداروں کا مشاہدہ کیا ہے ۔

ان کی بول چال رہن سہن کو سمجھا ہے اور پھر ان کی طرح ان کے ماحول میں رہ کر اورکرکے دکھایا ہے اب میں سمجھتی ہوں کہ میں ایسے کردار نبھانے کے قابل ہوگئی ہوں ۔اس لیے میں نے نئے کردار نبھانے کے لیے تیاری مکمل کرلی ہے ۔اداکارہ کا کہنا ہے کہ نئی فلموں میں کام کرنے کی پیشکش ہوتی ہے تو مجھے خوشی ہوتی ہے، نئی فلموں کے اسکرپٹ کو دیکھتی ہوں اور پھر ان میں اپنے کردار کا جائزہ لے کر کام کرنے کا فیصلہ کر لیتی ہوں۔ انھوں نے کہا کہ دوسروں کے تجربات سے سیکھنے کی کوشش کرتی ہوں ۔



انھوں نے کہا کہ فلم ''2سٹیسٹس ''ایک تامل لڑکی کی شادی اور محبت کی کہانی ہے جسکی کہانی ایک پنجابی لڑکے کی تامل لڑکی سے عشق اور شادی کے تجربات پر مبنی ہے۔ اس میں دونوں کے خاندان میں ثقافتی اقدار کے تضاد حائل ہوتے ہیں۔ اداکارہ نئی فلم میں ارجنکپور کے مدمقابل جلوہ گرہورہی ہیں ۔یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ اداکارہ کو ایکتا کپور کے نئے پراجیکٹ میں بھی کاسٹ کیا گیا ہے ۔ مہیش بھٹ کی صاحبزادی کو ہدایت کار کرن جوہر نے لانچ کرکے بالی وڈ میں ان کے لیے نئے راستے بنائے ہیں ۔اس وقت اداکارہ عالیہ بھٹ کو کئی نئی فلموں کی پیشکش ہوئی ہے ان میں دو فلموں کو سیٹ کی زینت بنایا جارہا ہے ۔

واضح رہے کہ نوعمر اداکارہ فنکار فلمساز ،ہدایتکار اور رائٹر مہیش اور اداکارہ سونی کے گھر 15مارچ 1993کو ممبئی میں پیدا ہوئیں۔اداکارہ ہدایتکارو اداکارہ پوجابھٹ ، شاہین بھٹ اور راہول کی بہن ہیں اداکار عمران ہاشمی ان کے کزن ہیں جب کہ مکیش بھٹ انکل ہیں ۔عالیہ نے اگرچہ 1999کی فلم ''سنگھرش'' میں چائلڈ اسٹار کے طور پر کام کیا ۔تاہم ان کی بطور اداکارہ پہلی فلم 2012کو ریلیز ہونے والی ''اسٹوڈنٹ آف دی ایئر ''ہی قراردی جارہی ہے۔

اداکارہ نے ابتدائی تعلیم مقامی اسکول سے حاصل کی۔ اداکارہ کو پہلی بار کرن جوہر کی فلم میں لیڈنگ لیڈی رول میں متعارف کرایا گیا۔ اس فلم کو 19اکتوبر 2012کو بھارت کے 1400 سے زائد سینماگھروں میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا ۔اس فلم میں اداکارہ کی پرفارمنس کو پسند کیا گیا اور فلم نے باکس آفس پر کامیابی حاصل کرکے نئے ریکارڈ بنائے ۔بالی وڈ نقاد ترن آدرش کاکہنا ہے کہ کرن جوہر کی فلم میں عالیہ کی پرفارمنس عمدہ رہی ،انھوں نے اداکارہ کی پہلی فلم کو اچھا آغاز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عالیہ کا آغاز کرینہ کپور کی فلم ''کبھی خوشی کبھی غم کی طرح ہے۔

انھوں نے کہا کہ فنکار گھرانے سے تعلق ہونے پران سے جو توقعات وابستہ کی جارہی تھیں عالیہ ان پر ہو بہو پوری اترتے ہوئے نظر آتی ہیں ،تاہم ان کی نئی فلمموں میں اب پرفارمنس کی دھاک بٹھانے کی لیے تیاری کو بھی دیکھا جارہا ہے ۔بالی وڈ حلقوں کا کہنا ہے کہ عالیہ کی نئی فلموں کا شائقین کو شدت سے انتظار ہے ۔نئی فلموں میں ان کی پرفارمنس نے ہی ان کے مستقبل کا فیصلہ کرنا ہے ۔

تاہم اداکارہ نے محنت کرنے کی روش اختیار کرکے اپنی منزل کو قریب کرلیا ہے۔ بالی وڈ حلقوں کے مطابق فنکارگھرانے کے چشم و چراغ محنت سے گھبراتے ۔عالیہ ان میں نئے جذبہ کے ساتھ آئی ہیں اور انھوں نے انڈسٹری میں اپنی موجودگی کا احساس دلانے کے لیے کردار کے انتخاب کو یکسر تبدیل کرکے انتہائی محنت طلب کام کرنے کی ٹھان لی ہے۔ اداکارہ نے آغاز پر ہی ذمے داری کا مظاہرہ کیا ہے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں