غلام حیدر جمالی سمیت 8 اعلیٰ پولیس افسران کیخلاف ریفرنس دائر

ملزمان پر 50 کروڑ روپے سے زائدکی بدعنوانی کا الزام ہے


Staff Reporter March 30, 2017
سندھ ہائیکورٹ میں سابق اے آئی جی فداحسین شاہ کی درخواست ضمانت  پرنیب کوجواب کیلیے مہلت ،سماعت 20 اپریل تک ملتوی۔ فوٹو: فائل

نیب حکام نے احتساب عدالت میں سابق آئی جی سندھ غلام حیدرجمالی، سابق اے آئی جی فنانس فدا حسین شاہ سمیت 8 اعلیٰ پولیس افسران کے خلاف50کروڑ سے زائد بدعنوانی کا ریفرنس دائرکر دیا۔

ریفرنس میں ملزمان پر 881 غیرقانونی بھرتیوں کا الزام ہے جبکہ بھرتیاں ایس آر پی حیدرآباد کے لیے کی گئی تھیں۔ نیب کے مطابق جعلی بھرتیوں کے ذریعے50 کروڑ 46 لاکھ 61 ہزار 664 روپے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا ہے۔

ریفرنس میں مزید بتایا کہ جعلی بھرتیاں کانسٹیبلز، کمپیوٹر آپریٹر اور دیگر عہدوں پر کی گئی تھیں جس پر سپریم کورٹ نے بدعنوانی کے معاملے پر نوٹس لیا تھا۔ ملزمان کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال، کرپشن، اقربا پروری اور دیگر دفعات کے تحت ریفرنس دائر کیا گیا ہے۔

منتظم جج کا کنٹریکٹ ختم ہونے کے باعث ریفرنس سماعت کیلیے منظور نہ ہوسکا۔ تمام ملزمان نے ہائیکورٹ سے عبوری ضمانت پرہیں جبکہ کراچی احتساب عدالت میں سابق آئی جی غلام حیدر جمالی اور سابق اے آئی جی فدا حسین شاہ سمیت 8 ملزمان کے خلاف نیب کی جانب سے ریفرنس دائر کر دیا گیا۔

دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ میں فدا حسین شاہ کی درخواست ضمانت سے متعلق سماعت ہوئی نیب کی جانب سے بتایا گیا کہ ملزمان کے خلاف ریفرنس دائرہوچکا ہے جواب جمع کرانے کے لیے مہلت کی استدعا کی عدالت نے نیب کو جواب جمع کرانے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت 20 اپریل تک ملتوی کردی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |