تعمیر مائیکرو فنانس بینک نے آئی پی او سے 1 ارب جمع کرلیے

2 ٹی ایف سیز کی لسٹنگ، ایڈوانسز پورٹ فولیو کو سہارا ملے گا، سی ای او ندیم حسین

بانڈ مارکیٹ کو فروغ دینے کی کوشش میں مصروف ہیں، ایم ڈی کے ایس ای فوٹو : فائل

تعمیر مائیکرو فنانس بینک کے 1 ارب روپے مالیت کے 2 ٹرم ڈپازٹ سرٹیفکیٹس ٹی ایف سی ون اور ٹی ایف سی ٹو کا کراچی اسٹاک ایکس چینج میں پیر کو باقاعدہ اندراج کردیا گیا ہے۔

پیر کوگھنٹی بجاکر ٹریڈنگ شروع کرنے کی تقریب کے موقع پر تعمیرمائیکروفنانس بینک کے سی ای او ندیم حسین نے بتایا کہ دونوں ٹرم فنانس سرٹیفکیٹس کیلیے 3 ماہ کی سبسکرپشن دورانیے میں زبردست پزیرائی حاصل ہوئی اور دونوں ٹی ایف سیز کے ذریعے مجموعی طور پر1ارب روپے کا سرمایہ حاصل ہوا۔


اس سرمائے کے حصول کا مقصد تعمیر مائیکروفنانس بینک کے ایڈوانسز پورٹ فولیو کو سہارا دینا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ٹی ایف سی ون کے میچورٹی کی مدت 13 ماہ ہے جس پر سالانہ 12 فیصد کی شرح سے ماہانہ بنیادوں پر منافع کی تقسیم کی جائے گی جبکہ ٹی ایف سی ٹو کے میچورٹی کی مدت24 ماہ ہے جس پر سالانہ12.5 فیصد کی شرح سے ماہانہ بنیادوں پر منافع کی ادائیگی کی جائے گی۔



اس موقع پر کراچی اسٹاک ایکس چینج کے منیجنگ ڈائریکٹر ندیم نقوی نے کہا کہ کے ایس ای انتظامیہ بانڈ مارکیٹ کو فروغ دینے کی کوشش میں مصروف عمل ہے تاکہ نجی شعبے کی کمپنیاں ایکویٹی کے ساتھ ڈیٹ مارکیٹ میں سرگرم ہوسکیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرم فنانس سرٹیفکیٹس میں سرمایہ کاری سے وہ لوگ استفادہ کرسکتے ہیں جو Irregular سیکٹر میں سرمایہ کاری کرتے ہیں۔
Load Next Story