توانائی بحران پاکستانی دھاگے کے خریداروں نے بھارت کا رخ کر لیا

سوتی دھاگے کے سودوں کی عدم تکمیل کے سبب چین، بنگلہ دیش ودیگر ممالک پاکستان کو آرڈر دینے سے گریز کر رہے ہیں۔


Business Reporter January 15, 2013
پاکستان میں لوڈشیڈنگ کا بھارتی انڈسٹری فائدہ اٹھارہی ہے 2 ماہ میں سوتی دھاگے کے ریکارڈ آرڈرز حاصل کیے، اسپننگ سیکٹر فوٹو: اے ایف پی / فائل

مقامی ٹیکسٹائل اسپننگ انڈسٹری کی جانب سے مقررہ مدت میں سوتی دھاگے کے برآمدی آرڈرز کی عدم تکمیل کے سبب چین، بنگلہ دیش سمیت دیگر ممالک کے خریداروں نے پاکستان کو مزید آرڈرز دینے سے گریز کرتے ہوئے بھارت کی جانب رخ کرلیا ہے۔

ٹیکسٹائل اسپننگ انڈسٹری کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ بجلی کے بعد قدرتی گیس کی غیر معمولی لوڈ شیڈنگ نے انکی پیداواری سرگرمیوں بری طرح متاثر کیا ہے جس کی وجہ سے وہ بیرونی خریداروں کے برآمدی آرڈرز کی طے شدہ مدت تک تکمیل سے قاصر ہیں اور اس کا فائدہ بھارت کی اسپننگ انڈسٹری کو پہنچ رہا ہے جہاں گزشتہ 2 ماہ کے دوران سوتی دھاگے کے ریکارڈ آرڈرز موصول ہوئے ہیں، یوں محسوس ہوتا ہے کہ دیگر شعبوں کے بعد اب پاکستانی ٹیکسٹائل کی برآمدی سرگرمیاں بھی متاثر ہونے کاخطرہ ہے۔



پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کے سابق ایگزیکٹو ممبر احسان الحق نے بتایا کہ ابتدائی اندازوں کے مطابق رواں مالی سال کے دوران پاکستانی ٹیکسٹائل ایکسپورٹ کے لیے 16 ارب ڈالرکا جو ہدف مقرر کیا گیا تھا وہ اب پورا ہوتا ہوا دکھائی نہیں دے رہا اور خدشہ ہے کہ ٹیکسٹائل ایکسپورٹ ہدف سے 3.5ارب ڈالر تک کم ہو سکتی ہے جبکہ بھارتی حکومت اپنی برآمدات کو بڑھانے کیلیے خاطر خواہ اقدامات کررہی ہے، دوسری طرف پاکستان میں برآمدی سامان کراچی پورٹ پر لے کر جانے والے ٹریلرز کو زبردستی پکڑ کر انہیں راستے بلاک کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا جنوری 2012 میں جرمنی کے ٹیکسٹائل فیئر میں بعض ملکوںنے صرف اس وجہ سے پاکستانی ٹیکسٹائل ملز مالکان کو خریداری آرڈرز دینے سے انکار کر دیا تھا کہ بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث پاکستانی یہ آرڈرز بروقت پورے نہیں کر سکیں گے جس کے باعث پاکستان لاکھوں ڈالر کے برآمدی آرڈرز سے محروم ہو گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں