بنگلہ دیش پریمیئر لیگ سے دور رہیں فیکا کا پلیئرز کو انتباہ

ڈھاکا گلیڈی ایٹر نے قانون کے تحت معاوضے کی ابتدائی قسط نہیں دی، شکیب


Sports Desk January 15, 2013
ہم تمام کھلاڑیوں کو کہہ چکے کہ وہ بی پی ایل میں کھیلنے کے حوالے سے سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں، فیکا فوٹو : فائل

فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن (فیکا) کے چیف ٹم مے نے ایک بار پھر غیرملکی پلیئرزکو خبردار کیا کہ وہ بنگلہ دیش پریمیئر لیگ سے دور رہیں۔

انھوں نے کہا کہ اس ایونٹ کے مستقبل کے حوالے سے ہمارے خدشات بدستور موجود ہیں، ہم تمام کھلاڑیوں کو کہہ چکے کہ وہ بی پی ایل میں کھیلنے کے حوالے سے سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں، ہمیں امید تھی کہ صورتحال میں بہتری آئے گی مگر ایسا کچھ نہیں ہوا، ابھی تک گذشتہ ایونٹ کے پورے معاوضے ادا نہیں کیے گئے،نئے سیزن کے حوالے سے جو یقین دہانیاں کرائی گئیں تھیں انھیں پورا نہیں کیا۔ کھلاڑیوں کی ادائیگیوں کا نیا فارمولا بھی انتہائی ناقص ہے، فی الحال ہم موجودہ صورتحال میں بی پی ایل کی حمایت نہیں کرسکتے۔



دریں اثنا ایونٹ شروع سے قبل ہی تنازعات سامنے آنا شروع ہوگئے، شکیب الحسن کاکہنا ہے کہ مجھے ابھی تک اپنی فرنچائز ڈھاکا گلیڈی ایٹر نے قانون کے تحت معاوضے کی ابتدائی قسط جاری نہیں کی، نئے بی پی ایل قانون کے تحت معاہدے پر دستخط کے بعد کھلاڑیوں کو اس کے معاوضے کا 25 فیصد دینا لازمی ہے، 25 فیصد کی دوسری قسط ایونٹ کے آخری میچ سے قبل اور باقی آدھا معاوضہ ٹورنامنٹ ختم ہونے کے 6 ماہ کے اندر ادا کیا جانا ضروری ہے۔

شکیب نے کہا کہ مجھے ابھی پہلی قسط نہیں ملی جبکہ ٹورنامنٹ شروع ہونے میں اب تین دن رہ گئے ہیں، ایسی چیزوں کو قانونی دستاویز کی حیثیت حاصل ہونی چاہیے تاکہ ادائیگیاں وقت پر ممکن ہوسکیں، اگر اس بار وقت پر معاوضے ادا ہوئے تو کھلاڑیوں کو خوشی ہوگی جو ابھی تک پچھلے ٹورنامنٹ کا تلخ تجربہ نہیں بھول پائے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں