بے رحم پروٹیز نے کیویز کو اننگز اور 193 رنز سے مسل دیا

پورٹ ایلزبتھ میں چوتھے دن لنچ سے قبل میچ کا فیصلہ، سیریز 2-0 سے میزبان کے نام


AFP/Sports Desk January 15, 2013
پورٹ ایلزبتھ ٹیسٹ: دوسری اننگز میں کیوی بیٹسمین واٹلنگ لیگ سائیڈ کی جانب شاٹ کھیلنے کے بعد گیند کو دیکھ رہے ہیں ،انھوں نے سب سے زیادہ 63رنز اسکور کیے(فوٹو: اے ایف پی)

بے رحم پروٹیز نے دوسرے ٹیسٹ میں کیویز کو اننگز اور193 رنز سے مسل دیا۔ سیریز کا اختتام میزبان کی2-0 سے فتح پر ہوا۔

پورٹ ایلزبتھ میں میچ کا فیصلہ چوتھے دن لنچ سے قبل ہی ہو گیا،فالوآن کے بعد مہمان سائیڈ211 رنزپر زمین بوس ہو گئی، ڈین برائونلی اورجیمز واٹلنگ نے نصف سنچریاں بنائیں، اسٹین نے اننگز میں 3 اور مجموعی طور پر 8 وکٹیں لے کر مین آف دی میچ ایوارڈ حاصل کیا، دونوں ٹیمیں اب ہفتے سے تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز میں مقابل ہوں گی۔ تفصیلات کے مطابق سینٹ جارج پارک میں کیوی ٹیم نے جب 4 وکٹ پر 157 رنز سے نامکمل اننگز شروع کی تو پلیئرز پہلے ہی ذہنی طور پر شکست تسلیم کر چکے تھے۔

برائونلی اور واٹلنگ نے اسکور میں مزید25 رنز کا اضافہ کیا، برائونلی (53) کیلس کی گیند پر وکٹوں کے عقب میں ڈی ویلیئرز کے ہاتھوں جکڑے گئے، اسی کے ساتھ پانچویں وکٹ کیلیے98 رنز کی پارٹنر شپ بھی اختتام کو پہنچی، نئی گیند لینے کے بعد بقیہ وکٹیں بھی جلد گر گئیں،کولن مونرو کو مورکل نے تھرڈ سلپ میں پیٹرسن کا کیچ بنوایا،جلد دو وکٹیں گرنے سے مایوس واٹلنگ کی مزاحتمی اننگز بھی 63 رنز پر دم توڑ گئی، انھیں اسٹین نے بولڈ کیا، پیسر نے بریسویل (صفر) کو بھی پویلین واپسی پر مجبور کر دیا۔



ڈائیو لگا کر ان کا کیچ تھامنے والے پیٹرسن نے ٹریور بولٹ (3) کی وکٹ لینے میں مورکل کو بھی مدد فراہم کی، ویگنز (4) کو میدان بدر کر کے اسٹین نے تیسری وکٹ اور ڈی ویلیئرز نے تیسرا کیچ وصول کیا،86.4 اوورز میں211 رنز پر نیوزی لینڈ کی ٹیم رخصت ہو گئی، جیتن پٹیل صفر پر ناٹ آئوٹ رہے،آخری6 وکٹیں 29 رنز کے دوران گریں، مورکل، کلینولڈ اور روبن پیٹرسن نے 2،2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ یاد رہے پہلی باری میں کیویز 121 رنز پر ڈھیر ہو کر فالوآن کا شکار ہوئے جبکہ جنوبی افریقہ نے واحد اننگز8 وکٹ پر 525 پر ڈیکلیئرڈ کی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں