پاکستان میں ایشین ٹینس ٹورنامنٹ کا انعقاد ہوگا

وہ وقت دور نہیں جب ملک میں انٹرنیشنل مقابلے بحال ہوجائیں گے، ممتاز یوسف

ایونٹ میں جنوبی ایشیا کے8 ممالک کی شرکت متوقع ہے، ممتاز یوسف فوٹو: فائل

پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکریٹری ممتاز یوسف نے کہا ہے کہ ملک میں بین الاقوامی مقابلے منعقد کرنے کیلیے کوشاں ہیں۔

ایشین فیڈریشن نے بھی یہاں ٹورنامنٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے، ماسٹر ٹینس سیریز سے ڈیوس کپ کی تیاریوں میں مدد ملے گی۔ ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ فیڈریشن پاکستان میں انٹرنیشنل ایونٹس کے انعقاد کیلیے کوششیں کر رہی اورغیر ملکی ٹیموں کو بلانے کیلیے اقدامات جاری ہے۔


انھوں نے کہا کہ ایشین ٹینس فیڈریشن نے ملک میں ٹورنامنٹ منعقد کرانے کا فیصلہ کر لیا جو ڈیوس کپ ٹائی کے بعد فروری میں متوقع ہے،ایونٹ میں جنوبی ایشیا کے8 ممالک کی شرکت متوقع ہے، ممتاز یوسف نے کہا کہ ایونٹ کاانعقاد گزشتہ سال نومبر میں ہونا تھا تاہم حالات سازگار نہ ہونے کی وجہ سے ممکن نہ ہوسکا۔



انھوں نے کہا کہ ڈیوس کپ ٹائی سے قبل فیڈریشن نے ماسٹر ٹینس سیریز منعقد کرانے کا فیصلہ کیا ہے، اس سے پلیئرز کو تیاریوں میں مدد ملے گی، فیڈ کپ کی تیاری کیلیے خواتین کھلاڑیوں کے درمیان بھی ماسٹر ٹینس سیریز منعقد ہوگی۔ سیکریٹری پی ٹی ایف نے کہا کہ ایشین ٹینس ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کیلیے غیر ملکی ٹیمیں بھی پاکستان کا دورہ کریں گی، وہ وقت دور نہیں جب ملک میں ایک مرتبہ پھر انٹرنیشنل مقابلے بحال ہو جائیں گے۔
Load Next Story