آسٹریلین اوپن ہیوٹ پہلے ہی راؤنڈ کے مہمان ثابت ہوئے

ٹائٹلزکی ہیٹ ٹرک کے متلاشی نووک جوکووک کا کامیاب آغاز، ویمنز میں ماریا شراپووا نے اولگا پچکووا کو شکست دے دی

آسٹریلین اوپن: سربین ٹینس اسٹار اینا ایوا نووک کا پہلے رائونڈ میچ میں فتح پر اظہارِ مسرت۔ فوٹو : اے ایف پی

آسٹریلین اوپن میں میزبان کھلاڑی لیٹن ہیوٹ پہلے ہی رائونڈ کے مہمان ثابت ہوئے، ٹائٹلزکی ہیٹ ٹرک کے متلاشی نووک جوکووک دوسرے رائونڈ میں پہنچ گئے، ویمنز میں ماریا شراپووا نے اپنی ہموطن اولگا پچکووا کو شکست دیدی، وینس ولیمز اور لینا بھی پہلی آزمائش میں سرخرو ہوئیں۔

تفصیلات کے مطابق میلبورن میں سال کے پہلے گرینڈ سلم آسٹریلین اوپن کا آغاز ہوگیا، ابتدائی روز ہی سابق ورلڈ نمبرون آسٹریلوی اسٹار لیٹن ہیوٹ کو سربیا کے جانکو تیپسروچ نے 7-6(7/4)، 7-5 اور6-3 سے شکست دے دی، گذشتہ دنوں کویونگ کلاسک جیتنے کی وجہ سے تجربہ کار ہیوٹ سے ایونٹ میں اچھی پرفارمنس کی امید کی جارہی تھی مگر ایسا نہ ہو سکا۔ موجودہ ورلڈ نمبر ون اور دفاع چیمپئن نووک جوکووک نے پال ہینری میتھیو کے خلاف 6-2، 6-4 اور 7-5 سے فتح حاصل کی۔

انھوں نے گذشتہ برس میلبورن میں رافیل نڈال کیخلاف گرینڈ سلم تاریخ کا سب سے طویل فائنل پانچ گھنٹے اور 53 منٹ بعد جیتا تھا، وہ اس بار چیمپئن کا اعزاز برقرار رکھ کر ہیٹ ٹرک کا ریکارڈ قائم کرسکتے ہیں، ان کے قریبی حریف برطانیہ کے اینڈی مرے اور سوئس راجر فیڈرر اپنے سفر کا آغاز منگل سے کریں گے، اسی روز 15 مرتبہ کی گرینڈ سلم چیمپئن سرینا ولیمز بھی ایکشن میں ہوں گی،گذشتہ روز وہ اسٹینڈ میں موجود رہیں جہاں سے اپنی بہن وینس کی گیلینا ووسکوبوئیوا کے خلاف کامیابی کا نظارہ کیا، 2008 کی آسٹریلین اوپن چیمپئن روس کی ماریا شراپووا نے اپنی ہموطن اولگا پچکووا کو 6-0 اور 6-0 سے مات دی۔




وہ کالر بون میں تکلیف کی وجہ سے اس ٹورنامنٹ سے قبل برسبین انٹرنیشنل نہیں کھیل پائی تھیں مگر انھوں نے 107 رینکڈ حریف کے خلاف کوئی کمزوری نہیں دکھائی۔ چینی اسٹار لینا قازقستان کی سیشل کاراتانت چیوا کو 6-1 اور 6-3 کو شکست دے کر دوسرے رائونڈ میں پہنچ گئیں، وہ 2011 میں اس ٹورنامنٹ کا فائنل کھیل چکی ہیں۔

رواں برس 4 سیڈ اگنیسکار یڈوانسکا کی بھی کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے، انھوں نے آسٹریلیا کی بونجا ببوسک کو زیر کیا، جلینا جینکووچ نے بھی سوئس جوہانا لارسن کو شکست سے دوچار کیا، آسٹریلیا کی 2011 یوایس اوپن کی فاتح اسمانتھا اسٹوسر بھی اپنے ملک میں مسلسل پانچ ناکامیوں کا راستہ روکنے میں کامیاب ہوگئیں، انھوں نے چینگ کائی چین کو مات دی۔ مینز سنگلز میں 5 سیڈ ٹوماس بریڈیچ اور جاپان کے 16 سیڈ کائی نیشکوری بھی اگلے مرحلے میں پہنچ گئے، سابق سیمی فائنلسٹ فرنانٹڈو ورڈاسکو نے ڈیوڈ گوفن کو بمشکل قابو کیا، 4 سیڈ ڈیوڈ فیرر نے اسٹریٹ سیٹس میں بیلجیئم کے اولیور روچس کو پچھاڑا۔
Load Next Story