کراچی پر وہ لوگ قابض ہیں جن کے پاس شہر کا مینڈیٹ ہی نہیں وسیم اختر

سندھ میں جو ٹیكس وصول ہورہا ہے وہ صرف كراچی كے شہری دے رہے ہیں، میئر کراچی


ویب ڈیسک March 31, 2017
سندھ میں جو ٹیكس وصول ہورہا ہے وہ صرف كراچی كے شہری دے رہے ہیں، میئر کراچی، فوٹو؛ فائل

میئر كراچی وسیم اختر کا کہنا ہےکہ بدقسمتی سے اس شہر پر وہ لوگ قابض ہیں جن كے پاس خود كراچی كا كوئی مینڈیٹ نہیں۔

کراچی کے مقامی ہوٹل میں تیسری عالمی كانفرنس برائے ماحولیات، صحت اور تحفظ سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب كرتے ہوئے وسیم اختر نے کہا کہ ماسٹر پلان، واٹر بورڈ، ٹرانسپورٹ، بلڈنگ كنٹرول اتھارٹی، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ حكومت سندھ كے پاس ہے، لاڑكانہ، میرپور خاص، نواب شاہ، سیہون سب كا برا حال ہے، ہمارے پاس تجربے كار اور باصلاحیت ٹیم ہے اس ٹیم كو استعمال كریں اور كراچی كے مسائل حل كریں، بدقسمتی سے اس شہر پر وہ لوگ قابض ہیں جن كے پاس خود كراچی كا كوئی مینڈیٹ نہیں۔

میئر کراچی نے کہا کہ دنیا میں سب سے مضبوط بلدیاتی حكومت ہوتی ہے، وزیراعلیٰ سندھ كو كراچی كے مسائل كے حل كے لیے درخواستیں بھیجیں، آج تك جواب نہیں آیا، ہم چاہتے ہیں كہ وہ كامیاب ہوں مگر پیپلزپارٹی كے لوگوں كے بھی ہاتھ باندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں جو ٹیكس وصول ہورہا ہے وہ صرف كراچی كے شہری دے رہے ہیں، وڈیرے ٹیکس نہیں دے رہے۔

وسیم اختر کا کہنا تھا کہ كراچی عمارتوں كا جنگل بن گیا ہے، لوكل گورنمنٹ كو جو ملنا چاہیے تھا وہ نہیں مل رہا، كراچی اس كی سزا بھگت رہا ہے جب عوام كو كوئی نہ دیكھے تو انہیں خود اپنے حقوق كے لیے اٹھنا پڑے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں