ورلڈ الیون 4 میچز کھیلنے کیلیے ستمبر میں آئے گی

پی ایس ایل کا آڈٹ شروع ہوچکا،اگلی بارکچھ میچز ملک میں ہی ہوں گے،شہریار


Sports Reporter March 31, 2017
 پینٹنگولر ون ڈے ٹورنامنٹ کے تمام میچز راولپنڈی میں کرانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ فوٹو؛ فائل

چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہا ہے کہ ورلڈ الیون 4میچز کھیلنے کیلیے ستمبر میں پاکستان آئیگی، اس سے سیکیورٹی پر اعتماد کی بحالی کا سفر تیز ہوگا۔

شہریار خان نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کی تیاریاں شروع کی جا چکی ہیں، اس بار کچھ میچز ملک کے مختلف شہروں میں ہوں گے،گزشتہ ایونٹ میں منافع کا تعین کرنے کیلیے آڈٹ بھی شروع کردیا گیا۔ انھوں نے فائنل کے لاہور میں کامیاب انعقاد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میچ دیکھنے کیلیے 8بین الاقوامی سیکیورٹی ایڈوائزرز آئے تھے جس سے دنیا بھر میں مثبت پیغام گیا، اس سے قبل جائلز کلارک کا دورہ بھی خوش آئند رہا، سیکیورٹی مشیروں کی اپنے ملکوں کو مثبت رپورٹس پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں اہم کردارادا کریں گی۔

چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ پینٹنگولر ون ڈے ٹورنامنٹ کے تمام میچز راولپنڈی میں کرانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، ملک کے مختلف وینیوز پر مقابلوں کی صورت میں انتظامی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا، ٹیموں کے سفراور قیام وطعام پر اخراجات بھی زیادہ ہوتے ہیں، اگلے سال میچز ملک کے مختلف شہروں میں ہوں گے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کی اصل وجہ سیکیورٹی انتظامات میں مشکلات تھیں، شائقین کی توجہ کا مرکز بننے والے میچز کے مختلف شہروں میں انعقاد کی صورت میں حفاظتی اقدامات پر توجہ دینا مشکل ہوتا۔یاد رہے کہ 14اپریل سے شروع ہونے والے پاکستان کپ ون ڈے ٹورنامنٹ کا شیڈول بھی شریک پانچوں ٹیموں کو جاری کیا جا چکا تھا لیکن اچانک تمام وینیوز ختم کرتے ہوئے صرف راولپنڈی کو میزبان بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں