نگراں حکومت پر خفیہ مذاکرات پر عمران خان کا لانگ مارچ بھی متوقع

ماہ رواں کے آخر یا فروری کے آغاز پر احتجاجی تحریک شروع کرنے پر غور کیا جارہا ہے


January 15, 2013
شاہ محمود، ہاشمی و دیگر رہنمائوں سے مشاورت، آج اہم اجلاس میں حتمی فیصلہ ہوگا، اعلان عمران خان پریس کانفرنس میں کریں گے فوٹو: اے پی پی/فائل

تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے رویے اور نگراں حکومتوں کے قیام کے معاملات میں حکومتی اتحاد اور مسلم لیگ(ن)کے مبینہ خفیہ مذاکرات پر شدید تحفظات کے بعد آئندہ چند روز میں احتجاجی تحریک شروع کرنے پر سنجیدگی سے غور شروع کردیا ہے۔

اس حوالے سے عمران خان اہم پارٹی رہنمائوں کے ساتھ مشاورت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس بات کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ عمران خان بھی لانگ مارچ کرنے کا اعلان کرسکتے ہیں۔ تحریک انصاف کے با خبر ذرائع کے مطابق عمران خان نے گزشتہ تین روز کے دوران جاوید ہاشمی، جہانگیر ترین ، شاہ محمود قریشی سمیت خیبر پختونخوا، سندھ، بلوچستان ،گلگت بلتستان اور اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے اپنے اہم ساتھیوں کے ساتھ طویل مشاورت کی ہے۔



ان ملاقاتوںمیں بلوچستان میں گورنر راج کے نفاذ اور ڈاکٹر طاہر القادری کے لانگ مارچ سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا ہے ۔ اس بات پر بھی غور کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن میں تحریک انصاف کی جانب سے دائر درخواستوں کو نظرانداز کیا جارہا ہے، نگراں حکومت کے قیام کیلیے بھی حکومتی اتحاد اور مسلم لیگ (ن) میں خفیہ مذاکرات جاری ہیں۔

جن کا بنیادی مقصد تحریک انصاف کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے پیش نظر آئندہ عام انتخابات میں وسیع پیمانے پر من پسند نتائج حاصل کرنے کی کوشش کرنا ہے۔ تحریک انصاف کی کور ٹیم کا اجلاس منگل کو صبح کینٹ آفس میں ہوگا جس میں حتمی فیصلے کیے جائیں گے جس کے بعد عمران خان دوپہر کو ایک پریس کانفرنس میں ان کا اعلانات کریں گے۔ اتوار کے اجلاس میں تحریک انصاف کے انتخابی منشور سمیت تعلیم اور زراعت کی پالیسی پر بھی غور کیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں