دنیا امن واستحکام کے لیے ہماری کوششوں کو تسلیم کرتی ہے سربراہ پاک فوج

آرمی چیف کا پبی میں نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کا دورہ، غیر ملکی فوجی ٹیموں سے ملاقات کی، آئی ایس پی آر

آرمی چیف کا پبی میں نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کا دورہ، غیر ملکی فوجی ٹیموں سے ملاقات کی، آئی ایس پی آر، فوٹو؛ فائل

ISLAMABAD:
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ ہم نے امن و استحکام کے لیے اہم کردار ادا کیا اور دنیا اس حوالے سے ہماری کوششوں کو تسلیم کرتی ہے۔



پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ نے منگلا کے قریب پبی میں نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹرکا دورہ کیا جہاں انہوں نے آرمی ٹیم اسپرٹ مقابلوں میں شریک غیر ملکی فوجی ٹیموں سے ملاقات کی جس میں انہوں نے فٹنس اور ٹیم ورک کے جذبے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔



آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف عالمی تنہائی کا پروپیگنڈا کرنے والے دیکھ لیں ہم تنہا نہیں اور عالمی دوست ہمیں کیسے اہمیت دیتے ہیں جب کہ دنیا امن و استحکام کے لیے ہماری کوششوں کو تسلیم کرتی ہے اور غیرملکی ٹیموں کی یہاں موجودگی ہماری کوششوں کو تسلیم کیے جانے کا ثبوت ہے۔


اس خبر کو بھی پڑھیں؛ وطن پہلے بعد میں کوئی فرد یا ادارہ آتا ہے، سربراہ پاک فوج



جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور ہم نے امن و استحکام کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے تاہم دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے مشترکہ جواب دینے کی ضرورت ہے کیوں کہ دہشت گردی پوری دنیا کو متاثر کررہی ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق دوسرے پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ مقابلے میں 10 غیرملکی فوجی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں چین، انڈونیشیا، اردن، ملائیشیا، مالدیپ، میانمر، سری لنکا، ترکی، تھائی لینڈ اور برطانیہ کی ٹیمیں شامل ہیں جب کہ مقابلے منگلا کے قریب پبی میں کل سے شروع ہوں گے۔



دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چیرمین تحریک انصاف عمرانخان نے ملاقات کی جس میں کئی امور زیربحث آئے جب کہ عمران خان نے آرمی چیف کو ان کی ترقی اور تقرری پر مبارکباد دی۔
Load Next Story