صدر مستعفی ہوں اورفوری انتخابات کا اعلان کیا جائے عمران خان

صورتحال کو بہت غور سے دیکھ رہے ہیں، کوئی بھی فیصلہ کیا جاسکتا ہے لہٰذا کارکن انتظار کریں۔


ویب ڈیسک January 15, 2013
چیف الیکشن کمشنر پراعتماد ہے لیکن الیکشن کمیشن کا کردار افسوسناک رہا، عمران خان فوٹو: فائل

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ صدرآصف زرداری استعفیٰ دیں اور فوری طور پر انتخابات کا اعلان کیا جائے، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اگروزیر اعظم کو گرفتار نہ کیا گیا تو وہ بھی سڑکوں پر آجائیں گے۔

اسلام آباد میں پارٹی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کے دوران تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کہ صدر آصف زرداری فوری طور پر استعفیٰ دیں کیونکہ ان کی موجودگی میں صاف اور شفاف انتخابات نہیں ہوسکتے، صدر نے 3 وزرائے اعظم کو نامزد کیا اور تینوں ہی کرپٹ نکلے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، مک مکا والی نگران حکومت کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا، اگر ایسا ہوا تو پھر تحریک انصاف کے کارکن بھی سڑکوں پر آنے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ تحریک انصاف ملک کی موجودہ صورتحال کو بہت غور سے دیکھ رہی ہے جسے دیکھتے ہوئے کوئی بھی فیصلہ کیا جاسکتا ہے لہٰذا کارکن انتظار کریں، بدھ تک حتمی فیصلہ کرلیا جائے گا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا مؤقف ہے کہ تبدیلی صرف صاف وشفاف انتخابات سے ہی آئے گی، عوام کے ووٹوں سے بننے والے حکومت ہی اصلاحات کرسکتی ہے، موجودہ صورت حال میں فوری طور پر انتخابات کا اعلان کیا جائے، آئندہ عام انتخابات میں دھاندلی ہوئی تو اس کے انتہائی خراب نتائج نکلیں گے، چیف الیکشن کمشنر ایماندار آدمی ہیں ان پر تو پورا اعتماد ہے لیکن بدقسمتی سے الیکشن کمیشن کا کردار افسوسناک رہا اور ضمنی انتخابات میں دھاندلی نہ روک سکا۔

تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ تحریک منہاج القرآن کے لانگ مارچ میں عوام تبدیلی کے لئے نکلے ہیں اور ہم عوام کے ساتھ ہیں، لوگوں نے جس طرح شدید سردی میں رات سڑک پر گزاری ہے وہ قابل تحسین ہے لیکن ان کی جماعت اور طاہر القادری کی سوچ میں فرق ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں