پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی سیریز اپنے نام کرلی

گرین شرٹس نے 125 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔


Sports Desk April 02, 2017
گرین شرٹس نے 125 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ فوٹو: اے ایف پی

پاکستان نے چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر سیریز 1-3 سے اپنے نام کرلی۔

پورٹ آف اسپین کے کوئنز پارک اوول گراؤنڈ میں میزبان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے جس کے جواب میں گرین شرٹس نے ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 19ویں اوورز میں حاصل کیا۔ گرین شرٹس کی جانب سے کامران اکمل اور احمد شہزاد نے پراعتماد انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور دونوں بلے بازوں نے محتاط کھیلتے ہوئے پہلی وکٹ پر 40 رنز کی شراکت قائم کی تو کامران اکمل 20 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ دوسری وکٹ پر احمد شہزاد اور بابراعظم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 70 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کا مجموعی اسکور 110 تک پہنچایا تو احمد شہزاد ولیم کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، انہوں نے 45 گیندوں پر ایک چھکے اور 5 چوکوں کی مدد سے 53 رنز بنائے۔



احمد شہزاد کے آؤٹ ہونے کے بعد بابراعظم بھی وننگ اننگز نہ کھیل سکے اور وہ بھی 38 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ شعیب ملک اور کپتان سرفراز احمد نے 125 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں حاصل کیا۔ شعیب ملک 9 اور سرفراز احمد 3 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیسرک ولیم نے 2 اور مارلن سیموئلز نے ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر حسن علی کو مین آف دی میچ اور شاداب خان کو مین آف دی سیریز کے اعزاز سے نوازا گیا۔

اس سے قبل گرین شرٹس کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی تو چیڈوک والٹن اور این لیوس نے اننگز کا جارحانہ آغاز کیا اور کریز پر آتے ہی دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 27 تک پہنچایا تو لیوس 7 رنز بنانے کے بعد عماد وسیم کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے جس کے بعد والٹن بھی 40 رنز بنا کر 59 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔

دو کھلاڑیوں کے پویلن لوٹنے کے بعد میزبان ٹیم کی جانب سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا لیکن کپتان کارلوس بریتھ ویٹ تنہا مزاحمت کرتے رہے اور آٹھویں وکٹ پر سنیل نارائن اور کپتان بریتھ ویٹ نے 38 رنز کی شراکت قائم کی۔ ٹیم کا اسکور 121 تک پہنچا تو نارائن 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جب کہ مقررہ 20 اوور میں میزبان ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بناسکی۔ بریتھ ویٹ 37 اور سیمول بدری ایک رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جب کہ مارلن سیموئلز 22، کیرون پولارڈ 3، جیسن محمد اور لینڈل سیمنز ایک ایک اور جیسن ہولڈر بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے شاداب خان اور حسن علی نے 2،2، رومان رئیس، وہاب ریاض اور عماد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |