بڑھتی عمر کے اثرات سے نجات پائیں حسین نظر آئیں

آج ہمارے پاس ماضی کی معلومات کے ساتھ ساتھ حال کی آگہی بھی موجود ہے


Shahida Rehana April 03, 2017
آج ہمارے پاس ماضی کی معلومات کے ساتھ ساتھ حال کی آگہی بھی موجود ہے۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: بڑھتی ہوئی عمر کے آثار ہمارے چہرے،گردن اور ہاتھوں سے عیاں ہوتے ہیں۔

آنکھوں کے اطراف پڑنے والی شکنیں، گردن پر لٹکتی ہوئی کھال اور ہتھیلیوں کی پشت پر جھریاں اس بات کی چغلی کھاتی ہیں کہ جوانی دم توڑ چکی ہے اور بڑھاپا قریب ہے۔ اگر جسم کے ان حصوں کی دیکھ بھال نہ کی جائے تو یہ آپ کی عمر کئی برس بڑھادیں گے اور آپ وقت سے پہلے ادھیڑ عمر اور بوڑھی دکھائی دینے لگیں گی۔بازار میں ہزاروں اقسام کی کریمیں، لوشن، جیل اور کاسمیٹکس دستیاب ہیں جن کی مدد سے آپ کم عمراور حسین نظر آسکتی ہیں مگر مہنگی ہونے کے سبب یہ اشیاء ہر ایک کی دسترس میں نہیں۔

پرانے وقتوں میں خواتین کے پاس ان کی نانیوں، دادیوں کے تجربات اور گھریلو نسخوں سے تیار کردہ مرکبات ہوتے تھے۔ آرائش حسن کے لیے گھریلو نسخوں کا استعمال صدیوں سے دنیا بھر کی خواتین کرتی آرہی ہیں۔ آج ہمارے پاس ماضی کی معلومات کے ساتھ ساتھ حال کی آگہی بھی موجود ہے جس کی بنا پر بہت سی خواتین میں نہ صرف خوب صورتی کے حصول کا شعور پیدا ہوا ہے بلکہ اب مہنگی مہنگی کریموں ، لوشنز کی خریداری کی بجائے وہ ان اشیاء کو خود گھر پر ہی تیار کرلیتی ہیں اور یوں اب حسین نظر آنا ان کے لیے مہنگا نہیں رہا۔ اور اب یہ آپ کے لیے بھی مہنگا نہیں ہے۔

درج ذیل اشیاء کی تیاری ناصرف سستی اور آسان ہے بلکہ یہ بازار کی مہنگی خریدی گئی کاسمیٹکس کے مقابلے میں کسی طرح بھی کم معیاری نہیں۔ ہاں اس میں ایک قباحت ہے کہ کچھ کریموں ، لوشنز اور ٹانک وغیرہ کو ہر مرتبہ استعمال کے لیے نئے سرے سے بنانا پڑے گا۔ البتہ آپ انھیں ہفتہ بھر کے لیے بناکر فریج میں محفوظ کرسکتی ہیں۔یہ تمام آزمودہ نسخے ہیں۔ آپ بھی آزمائیں خود میں نمایاں تبدیلی محسوس کریں گی۔

وائٹ کریم: گائے، بھینس یا بکری کے دودھ میں سفید تل پیس لیں۔ اس پیسٹ کو روزانہ رات کو سوتے وقت چہرے ، ہاتھ، پاؤں پر مساج کریں اور صبح اٹھ کر کسی اچھے صابن سے دھولیں۔ چہرے کی رنگت صاف ہوجائے گی۔

گھریلو لپ گلوز: ویکس؛ ایک بڑا چمچ، بادام، کھوپرے اور پام کا تیل؛ پانچ بڑے چمچ ، اورنج آئل اور کوئی اچھی خوشبو کا پرفیوم؛ ایک چمچ۔ ان سب کو گرم کرکے آمیزہ بنا کر رکھ لیں۔ روزانہ رات کو سوتے وقت ہونٹوں کا مساج کریں۔ اس سے ہونٹ گلابی اور نرم رہیں گے۔

وائٹنس کریم: چنے کی دال دودھ میں بھگودیں۔ جب دال میں سارا دودھ جذب ہوجائے تو دال کو پیس لیں اور اس میں روغن زیتون ، زعفران اور لیموں کا رس ملاکر خوب اچھی طرح پھینٹ کر کریم بنالیں اور بوتل میں رکھ لیں۔ روزانہ رات کو سوتے وقت لگائیں اور صبح نیم گرم پانی سے دھولیں۔ رنگت سرخ و سفید ہوجائے گی۔ کالی رنگت میں بھی نمایاں فرق محسوس ہوگا۔

ٹوتھ پیسٹ: صاف چمک دار اور موتیوں جیسے دانتوں کے لیے لیموں کے چھلکے خشک ہونے کے لیے رکھ دیں۔ اچھی طرح خشک ہوجائیں تو انھیں باریک پیس لیں اور پھر اس میں ہم وزن لاہوری نمک اور تھوڑا سا میٹھا کھانے والا سوڈا ملاکر سفوف بنالیں اور ایک بوتل میں بھرلیں۔ ہفتے میں دو بار اس منجن سے ٹوتھ پیسٹ کی طرح برش پر لگاکر دانت صاف کریں۔

اسکرب: کینو کے چھلکے لے کر انھیں سائے میں سکھالیں۔ سوکھنے کے بعد انھیں گرائنڈر میں پیس کر پاؤڈر بنالیں۔ اب اس پاؤڈر کے ہم وزن بیسن اور نشاستہ لیں۔ تینوں کو اچھی طرح ملاکر یک جان کرلیں اور کسی ایئر ٹائٹ جار میں محفوظ کرلیں۔ روزانہ رات کو سونے سے پہلے تھوڑا سا آمیزہ کسی کٹوری میں نکال لیں اور اس کا لیپ تیار کرکے چہرے یا ہاتھ پیروں اور گردن پر لگائیں۔ لیپ خشک ہونے پر سادہ پانی سے دھوکر اتار دیں۔ اس نسخے سے جلد شاداب ہوجائے گی۔

نٹس کریم: چار عدد بادام پانی میں چند گھنٹوں کے لیے بھگودیں، پھر ان کا چھلکا اتار لیں۔ ایک اخروٹ کی گری لے لیں اور چند دانے مونگ پھلی لے کر ان سب کو باریک پیس کر آمیزہ بنالیں۔ اب اس میں چار چمچے بالائی، دو چمچے کھیرے کا رس، ایک چمچپہ عرق گلاب اچھی طرح شامل کرلیں اور بوتل میں محفوظ کرلیں۔ روزانہ رات کو سونے سے قبل چہرے اور گردن پر مساج کریں۔ آنکھوں کے چاروں اطراف بھی لگائیں اور اچھی طرح جلد میں جذب کریں پھر آدھے گھنٹے بعد ٹشو پیپر کی مدد سے نرمی سے صاف کرلیں۔

ہربل فیس پیک: کیمسٹ سے کافور کا پاؤڈر لے لیں کھانے کا ایک چمچہ سفید ملتانی مٹی کے پاؤڈر میں ایک چٹکی کافور ملالیں اب اس میں کھانے کا ایک چمچہ شہد اور عرق گلاب مکس کرکے لیپ بنالیں اور اسے فیس ماسک کی طرح چہرے پر لگاکر بیس منٹ کے لیے چھوڑ دیں پھر چہرہ دھولیں۔ کافور کی جگہ آپ آدھی چٹکی پھٹکری بھی استعمال کرسکتی ہیں۔ اس عمل کو ہفتے میں دو سے تین بار کرنے سے جلد صاف شفاف اور چمکدار ہوجائے گی۔

اسکن فوڈ: تین ٹیبل اسپون ویکس، آٹھ بڑے چمچے بادام کا تیل اور کوئی بھی پرفیوم آدھا چمچہ لے لیں۔ ویکس اور تیل کو ابالیں بعد میں اس میں چھ چمچہ پانی ملاکر جوش دیں پھر اس میں خوشبو ڈالیں اور ٹھنڈا کرکے بوتل میں ڈال دیں اور ہفتے میں دو سے تین بار جلد کی صفائی مالش مساج کریں ، جلد روشن، چمکدار ، صاف و شفاف اور شاداب رہے گی۔

تھروٹ موسچرائزنگ ماسک: کھانے کا ایک چمچہ لینولین ، گلیسرین ، گندم ، کاجرم آئل، چائے کا ایک چمچہ، چھتے کا موم وٹامن اے اور ڈی کا ایک ایک کیپسول کا سفوف نکال کر شامل کریں اور چھ قطرے لیوینڈر آئل لے لیں۔

ان تمام اجزاء کو مکس کریں اور گرم کرکے ملالیں (ڈبل بوائلر میں رکھ کر گرم کریں۔) جب آمیزہ گاڑھا ہونے لگے تو بوتل میں ڈال کر رکھ لیں اور ہفتے میں دو بار اس کا مساج کرین خصوصاً گردن اور پیروں پر ۔

فیس کریم: دو کھانے کا چمچے خشک یا گیلے کینوں کے چھلکوں کا پاؤڈر، دو کھانے کے چمچے جو کا آٹا اور دو کھانے کے چمچے کولڈ کریم ان تمام اجزا کو اچھی طرح مکس کرلیں اور ایک بوتل میں رکھ لیں اور روزانہ رات کو اس سے چہرے ، گردن ، ہاتھ پیر کا مساج کریں اور پندرہ بیس منٹ بعد نیم گرم پانی سے دھولیں۔ اس سے رنگت صاف اور نکھری نکھری ہوجائے گی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں