لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں لوڈشیڈنگ 16 گھنٹوں تک جا پہنچی

لیسكو كا شارٹ فال بڑھ كر800 میگا واٹ سے تجاوز كر گیا

لیسكو كا شارٹ فال بڑھ كر800 میگا واٹ سے تجاوز كر گیا، فوٹو؛ فائل

گرمی کا درجہ حرارت بڑھنے كے ساتھ ہی لاہور سمیت پنجاب بھر میں لوڈشیڈنگ میں بھی اضافہ ہوگیا اور لوڈشیڈنگ 14 سے 16 گھنٹوں تک کی جارہی ہے۔

گرمی کے آغاز کے ساتھ ہی پنجاب کے شہروں میں 8 سے10 گھنٹے جب كہ دیہی علاقوں میں 14 سے 16 گھنٹوں كی لوڈ شیڈنگ كی جارہی ہے، بار بار ہونے والی طویل لوڈ شیڈنگ كے باعث لوگوں کو شدید مشكلات کا سامنا ہے جب کہ بیشتر علاقوں میں پانی كی بھی قلت ہو گئی۔


ہائیڈ ل كی پیداوار میں كمی كے ساتھ ساتھ آئی پی پیز اور جنكوز كی پیداوار میں بھی تیل كی كمی كے باعث 30 فیصد تك كمی ہوگئی ہے۔ ڈیموں سے پانی كے اخراج میں كمی كے باعث ہائیڈل كی پیداوار كم ہو كر صرف 1200 میگاواٹ كی سطح پرآ گئی ہے۔ گزشتہ روز شہروں میں 8 سے10 گھنٹے جب كہ دیہی علاقوں میں 14 سے 16 گھنٹوں كی لوڈ شیڈنگ كی گئی۔

لیسكو كا شارٹ فال بڑھ كر800 میگا واٹ سے تجاوز كرگیا۔ ہفتہ وار تعطیل كے بعد معمول كی سرگرمیاں شروع ہونے پر بجلی كی طلب میں اضافہ ہوا جس كے باعث لیسكو كی ڈیمانڈ بڑھ كر 3 ہزار میگا واٹ سے تجاوز كر گئی جب كہ نیشنل سسٹم سے لیسكو كو صرف 2200 میگا واٹ بجلی ملی جس كے باعث لیسكو نے نیشنل پاور كنٹرول سنٹر كی لوڈ مینجمٹ كے علاوہ اپنی جانب سے بھی لوڈ شیڈنگ كی۔

دوسری جانب وزراء كی جانب سے انتہائی ڈھٹائی سے ایك بار پھر دعویٰ كیا گیا ہے كہ دریاؤں میں پانی كی كمی سے لوڈ شیڈنگ میں صرف دو گھنٹے كا اضافہ ہوا ہے اور اپریل كے آخر تك لوڈ شیڈنگ میں كمی ہو جائے گی مزید یہ كہ رواں سال گرمیوں میں گزشتہ سال كے نسبت كم لوڈ شیڈنگ ہوگی۔
Load Next Story