آئی پی ایل سٹہ مافیا کے لیے سونے کی کان بن گئی

ایونٹ کے دوران مجموعی طور پر 2 ہزار کروڑ روپے کا جوا کھیلے جانے کا امکان

کوہلی کی رائل چیلنجز بنگلور فیورٹ قرار،پولیس کوچکمہ دینے کیلیے ایپس تیار۔ فوٹو: فائل

آئی پی ایل سٹہ مافیا کے لیے سونے کی کان بن گئی، دسویں ایڈیشن کی آمد کے ساتھ ہی جواریوں نے اپنی تیاریاں مکمل کرلیں۔

آئی پی ایل بھارت کی غیرقانونی سٹہ مارکیٹ کے لیے ہمیشہ سے ہی نفع آور ثابت ہوئی ہے، اس بار بھی سٹہ بازوں نے میگا ڈومیسٹک لیگ کیلیے اپنی تیاریاں مکمل کرلیں۔ بکیز کے مطابق پورے ٹورنامنٹ کے دوران 2 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کا جوا کھیلا جائے گا۔


واضح رہے کہ آئی پی ایل کا دسواں ایڈیشن بدھ سے شروع ہورہا ہے، جس میں رائل چیلنجرز بنگلور کو فیورٹ قرار دے دیا گیا۔ پولیس کو چکمہ دینے کیلیے 35 سے زائد موبائل ایپس تیار کی گئی ہیں،ان پر شرطیں قبول کرنے کے ساتھ براہ راست میچز بھی دکھائے جائیں گے،قانونی طور پر شرطوں کا کاروبار کرنے والی فرمز بیٹ فیئر اور بیٹ 365 کی ایپس بھی آسانی سے دستیاب ہیں۔

سٹہ مارکیٹ ذرائع نے بتایا کہ ایونٹ شروع ہونے کے بعد مختلف ٹیموں کے ریٹس میں ردوبدل بھی ہوسکتا ہے، اس کا انحصار کھلاڑیوں کی انجریز اور پرفارمنس پر ہوگا۔ فی الحال رائل چیلنجرز بنگلور کے لیے 100 روپے پر 3.75 کا ریٹ آفر کیا گیا ہے، جس کے مطابق جو جواری ٹیم پر 100 روپے لگائے گا، اسے کامیابی کی صورت میں 375 روپے ملیں گے۔ رائزنگ پونے سپر جائنٹ کا ریٹ 6.10، ممبئی انڈینز 6.30، گجرات لائنز 6.40، سن رائزرز حیدرآباد 7.20، دہلی ڈیرڈیولز 7.60، کولکتہ نائٹ رائیڈرز 8 اور کنگز الیون پنجاب کی کامیابی پر 11 کا ریٹ دیا گیا ہے۔ میچز کے صرف نتائج پر ہی جوا نہیں کھیلا جائے گا بلکہ ففٹیز، چھکوں، رنز، وکٹوں اور رنز فی اوور پر بھی دائو قبول کیے جائیں گے۔

دوسری جانب پولیس آفیشلز کا کہنا ہے کہ وہ بھی اس ٹورنامنٹ کے دوران ہائی الرٹ پر رہیں گے، سٹہ بازوں کے نیٹ ورکس کو توڑنے کی پوری کوشش کی جائیگی۔
Load Next Story