مراد علی شاہ کو آئی جی نہیں پوسٹ مین چاہیے امین الحق

ایم کیو ایم سے سیاسی وڈیرے جا چکے، کے ڈی اے ایمپلائز یونین کے انتخابی جلسے سے خطاب

ایم کیو ایم بلدیاتی اختیارات کے سلسلے میں 140-A کے تحت سپریم کورٹ جلد جائے گی۔ فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کی رابطہ کمیٹی کے رکن سید امین الحق نے کہاہے کہ صوبہ سندھ میں پیپلزپارٹی کی بے حس لوگوں پر مشتمل حکومت ہے جو کرپشن کی بادشاہ ہے۔

گزشتہ روز کے ڈی اے ایمپلائز یونین کے سالانہ انتخابات برائے 2017کے سلسلے میں منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سید امین الحق کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کوصوبے میں آئی جی کی نہیں پوسٹ مین کی ضرورت ہے، کے ڈی اے میں ایم کیوایم (پاکستان) کی حمایت یافتہ ایمپلائز یونین 6 اپریل کو بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی کیونکہ اب ایم کیوایم سے سیاسی وڈیرے ڈرائی کلین ہوکر چلے گئے ہیں اور اب ایم کیوایم (پاکستان ) میں اصلی غریب ومتوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے لوگ موجود ہیں۔


امین الحق نے کہاکہ کے ڈی اے اس کے ملازمین کا ہے اور اس بلڈنگ میں کام والے تمام لوگوں کے ان حقوق ملنا چاہیے، باہر سے کے ڈی اے میں کسی کو نہیں لایا جائے گا اور اس سلسلے میں ایم کیوایم (پاکستان ) پالیسی بناچکی ہے۔ انھوں نے واضح الفاظ میں کہاکہ ایم کیوایم (پاکستان ) سندھ حکومت کے ساتھ عوامی مسائل کے ایشو پر کوئی سمجھوتا نہیں کرے گی۔

دوسری جانب رابطہ کمیٹی کے رکن رؤف صدیقی نے کہاکہ ہم پاکستان کے وارث ہیں اور ہم وراثت کا کلیم کرنے کا حق رکھتے ہیں۔ رابطہ کمیٹی کے رکن اسلم آفریدی نے کہاکہ کے ڈی اے کے ملازمین نے اگر حق پرستوں کی ایمپلائز یونین کو کامیاب نہیں کرایا توکے ڈی اے کو بھی چائنا کے حوالے کردیا جائے گا۔

رابطہ کمیٹی کی رکن ہیر سوہو نے کہاکہ کے ڈی اے ایمپلائز یونین میں تمام قومیتوں کا گلدستہ برقرار رہے گا۔ لیبر ڈویژن کے انچارج ایس ایم تنویر نے کہا کہ یہ پاکستان کا المیہ ہے کہ جو ادارے پھلتے پھولتے ہیں انھیں تباہ کردیا جاتا ہے جس کی مثال اسٹیل ملز اور پی آئی اے ہے۔
Load Next Story